قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں سٹار کرکٹرز کی دلچسپی کم ہونے لگی

پیر 14 ستمبر 2015 15:54

قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں سٹار کرکٹرز کی دلچسپی کم ہونے لگی

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار14ستمبر ۔2015ء ) قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے آگے بڑھنے کیستاھ سٹار کھلاڑیوں کی اس میں دلچسپی کم ہوتی جارہی ہے ۔ ٹورنامنٹ دیکھنے کے لئے پنڈی سٹیڈیم آنے والے تماشائیوں کو اس وقت سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب قومی ٹی ٹونٹی کپتان شاہد آفریدی ، ٹیسٹ کپتان مصباح الحق اور عالمی شہرت یافتہ آف سپنر سعید اجمل اپنی ٹیموں کی جانب سے ایکشن میں دکھائی نہیں دیے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے کراچی کی جانب سے دو میچ کھیلے اور پھر وہ ایکشن میں دکھائی نہ دیے ۔ مصباح الحق اور سعید اجمل کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکی ہے اس لئے انہوں نے شرکت سے گریز کیا ۔ دریں اثناء ٹورنامنٹ کا مصروف شیڈول کھلاڑیوں کے لئے مسائل پیدا کررہا ہے اور کئی کھلاڑیوں کا شکوہ ہے کہ انہیں بارہ گھنٹے سے بھی کم وقت میں دوبارہ میچ کھیلنے کے لئے آنا پڑتا ہے ۔ کرکٹرز نے شکایت کی ہے کہ بورڈ نے پیسہ کمانے اور کم وقت میں ٹورنامنٹ مکمل کرنے کی وجہ سے کھلاڑیوں کے آرام کو بھی اہمیت نہیں دی ۔