دھان کی فصل کو سفید پشت والے تیلے اور سنڈیوں سے بچانے کیلئے پیسٹ سکاؤٹنگ جاری رکھنے کی ہدایت

منگل 15 ستمبر 2015 18:00

فیصل آباد ۔15 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء)دھان کی فصل کو سفید پشت والے تیلے ، تنے کی سنڈی اور پتہ لپیٹ سنڈی سے بچانے کیلئے پیسٹ سکاؤٹنگ جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ حالیہ سیلاب ، شدید بارشوں ، موسمی تغیرات اور آب و ہوا کی تبدیلی سمیت فضا میں نمی کا تناسب بڑھنے سے تنے کی سنڈی ، پتہ لپیٹ سنڈی اور سفید پشت والے تیلے کا دھان کی فصل پر حملہ بڑھنے کا امکان ہوتاہے لہٰذاکاشتکار اس ضمن میں کسی غفلت یا کوتاہی کامظاہرہ نہ کریں اور فصل پر کڑی نظر رکھیں نیز اگر دھان کی فصل پر حملہ معاشی حد سے زیادہ محسوس ہو تو فوری طور پر مناسب دانے دار زہروں کا استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ فصل کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔

ایک ملاقات کے دوران ماہرین زراعت نے بتایاکہ دھان کے جراثیمی جھلساؤ سے بھی دھان کی فصل متاثر ہو سکتی ہے لہٰذاکاشتکار اس بیماری سے بچاؤ کیلئے متاثرہ کھیت سے پانی تندرست کھیت میں نہ جانے دیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ زیادہ حملہ کی صورت میں کاپر آکسی کلورائیڈ 3 گرام فی لیٹر یا بورڈمکسچر کا ایک نسبت ایک نسبت 120 کے تناسب سے سپرے کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار ایک کلوگرام نیلا تھوتھا ، ایک کلو گرام ان بجھا چونا اور 120 لیٹر پانی ملا کر سپرے سے بہترین نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے محکمہ کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔