لاہور ہائیکورٹ نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو سترہ میڈیکل کالجز کے ہزاروں طلباء کے نتائج جاری کرنے سے روک دیا

پیر 5 اکتوبر 2015 23:14

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 اکتوبر۔2015ء ) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی درخواست پر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو سترہ میڈیکل کالجز کے ہزاروں طلباء کے نتائج جاری کرنے سے روک دیا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی درخواست پر سماعت کی درخواست گزار کے وکیل نے بنچ کو بتایا کہ انہوں نے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی پر پنجاب سمیت ملک بھر میں سترہ میڈیکل کالجز کا الحاق منسو خ کر دیا ہے اور اب یہ معاملہ سپریم کورٹ میں بھی زیر التواء ہے مگر اس کے باوجود یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ان طلباء سے امتحان لے رہی جو پی ایم ڈی سی کے قوانین اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے استدعا کی کہ یوایچ ایس کو غیرالحاق شدہ سترہ کالجز کے ہزاروں طلباء سے امتحان لینے سے روکا جائے اوردرخواست کے حتمی فیصلے تک یو ایچ ایس کو نتائج جاری کرنے سے بھی روکا جائے۔فاضل بنچ نے ابتدائی سماعت کے بعد حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو سترہ میڈیکل کالجز کے ہزاروں طلباء کے نتائج جاری کرنے سے روک دیا، عدالت نے یو ایچ ایس کو گیارہ نومبر تک تفصیلی جواب جمع کرانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔