وارم اپ میچ میں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے اوپنر معین علی اور ایلکس ہیلز ناکام

ہفتہ 10 اکتوبر 2015 13:12

دوبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 اکتوبر۔2015ء) پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل ہونے والے وارم اپ میچ میں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے اوپنر معین علی اور ایلکس ہیلز بلے بازی میں بہتر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔انگلینڈ کی ٹیم کپتان ایلسٹر کک کے ساتھ کسی دوسرے اوپنر کی تلاش میں ہیں، لیکن معین علی اور ایلکس ہیلز پاکستان اے کے خلاف شارجہ میں وارم اپ میچ کے دوسرے دن دہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکے۔

معین علی سات رنز بنانے کے بعد سلپ میں کیچ آوٴٹ ہوئے اور اس دورے میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ہیلز نو کے انفرادی سکور پر پہلی سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔ان دونوں کھلاڑیوں کے آوٴٹ ہونے پر انگلینڈ کی ٹیم نے مجموعی طور پر صرف 16 رنز بنائے تھے۔ میچ کے پہلے دن پاکستان کی اے ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 192 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئی تھی۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ طے ہوا ہے کہ وارم اپ میچ میں پورا دن ایک ٹیم بیٹنگ کرے گی اور دوسرے دن دوسری ٹیم کھیلے گی جبکہ دونوں ٹیموں کو اپنے 15، 15 کھلاڑیوں کو آزمانے کی اجازت ہو گی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی اس سیریز میں تین ٹیسٹ میچ ہوں گے اور اس سلسلے کا پہلا ٹیسٹ میچ منگل سے ابو ظہبی میں شروع ہو گا۔ پاکستان اے نے اس میچ میں سات بولروں کو آزمایا جن میں جنید خان، میر حمزا، احسان عادل، ظفر گوہر، ضیا الحق، محمد اصغر اور افتخار احمد شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :