ڈونیڈن ٹیسٹ ، آخری روز سری لنکا کو جیت کیلئے 296 رنز ، نیوزی لینڈ کو 7 وکٹیں درکار

اتوار 13 دسمبر 2015 12:08

ڈونیڈن ٹیسٹ ، آخری روز سری لنکا کو جیت کیلئے 296 رنز ، نیوزی لینڈ کو 7 ..

ڈونیڈن۔ 13دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 دسمبر۔2015ء) نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، میچ کے آخری روز سری لنکا کو جیت کیلئے 296 رنز اور نیوزی لینڈ کو 7 وکٹیں درکار ہیں، ٹیسٹ کے چوتھے روز بلیک کیپس نے اپنی دوسری اننگز 267 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی، ٹام لیتھم نے 109 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، پہلی اننگز میں 137 رنز کی برتری حاصل ہونے کی وجہ سے نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو جیت کیلئے 405 رنز کا ہدف دیا۔

آئی لینڈرز نے کھیل کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا لئے، کوسال مینڈس 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، دنیش چندیمل 31 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، خراب موسم کے باعث میچ مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

اتوار کو ڈونیڈن میں ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 171 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو ٹام لیتھم 72 اور کین ولیمسن 48 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، دونوں بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دوسری وکٹ میں 141 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 220 تک پہنچا دیا۔

ولیمسن 71 رنز بناکر دشمانتھا چمیرا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ روس ٹیلر نیوزی لینڈ کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 15 رنز بنانے کے بعد رنگنا ہیراتھ کا نشانہ بنے۔ نیوزی لینڈ نے 267 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ ٹام لیتھم نے دوسری ٹیسٹ سنچری سکور کی اور 109 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، کپتان برینڈن میک کلم نے 17 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

رنگنا ہیراتھ نے دو اور دشمانتھا چمیرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں 137 رنز کی برتری حاصل تھی اس طرح سری لنکا کو جیت کیلئے 405 رنز کا ہدف ملا۔ سری لنکا نے چوتھے روز کھیل کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا لئے اور اسے جیت کیلئے مزید 297 رنز درکار ہیں۔ کوشال مینڈس 46، دیمتھ کرونارتنے 29 اور ادرا جائے سندرا 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ دنیش چندیمل 31 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ ٹم ساؤدی نے دو اور نیل ویگنر نے ایک وکٹ حاصل کی۔