کاشت کار کماد کی مونڈھی فصل کی بہتراور معیاری پیداوار کیلئے کماد کی کٹائی سردی کی شدت ختم ہونے پر کریں ٗمحکمہ زراعت

کاشت کار مارچ کے مہینے میں کھیت کو اچھی طرح صاف کرنے کے بعد پانی لگادیں ٗہدایت نامہ جاری

اتوار 24 جنوری 2016 15:18

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جنوری۔2016ء) محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ کاشت کار کماد کی مونڈھی فصل کی بہتراور معیاری پیداوار کیلئے کماد کی کٹائی سردی کی شدت ختم ہونے پر کریں ۔محکمہ زراعت کے ترجمان کے مطابق دسمبر اور جنوری کے دوران رکھی گئی فصل میں سردی کی شدت سے مونڈھوں میں کشیدہ آنکھیں مرجاتی ہیں ، مونڈھی فصل کے کھیت کے چناؤ کے لیے لیرا فصل کا بیماریوں اور کیڑوں کا محفوظ ہونا ضروری ہے مزید برآں گری ہوئی فصل سے آئندہ فصل کے لیے مونڈھی فصل نہ رکھی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کماد کے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ فصل کاٹتے وقت گنا سطح زمین سے آدھا تا ایک انچ گہرا کاٹیں کیونکہ اس سے زیر زمین پڑی آنکھیں زیادہ صحت مند ماحول میں پھوٹتی ہیں اور مونڈھوں میں موجود گڑوؤں کی سنڈیوں کی تلفی میں مدد ملتی ہے مونڈھی فصل میں سفارش کردہ مقدار سے تیس فیصد زائد کھاد ڈالنا ضروری ہے ۔ کاشت کار مارچ کے مہینے میں کھیت کو اچھی طرح صاف کرنے کے بعد پانی لگادیں اور وتر آنے پر نائٹروجنی کھاد کا ایک تہائی حصہ جبکہ فاسفورس اور پوٹاش والی کھاد کی پوری مقدار ڈال کرزمین میں ہل چلا دیاجائے۔

متعلقہ عنوان :