کوئٹہ،تربت یونیورسٹی میں فیکلٹی ممبران،انتظامی افسران اورطلبہ کے لئے تربیتی اورانٹرایکٹوپروگرام کااہتمام

پروگرام یونیورسٹی میں گڈگورننس اورکوالٹی کویقینی بنانے کے لئے ہائرایجوکیشن کمیشن اسلام آبادکی ریویو پینل کی جانب سے سٹی کیمپس کے اکیڈیمک بلاک میں منعقدکیاگیا

پیر 29 فروری 2016 22:16

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 فروری۔2016ء) تربت یونیورسٹی میں گڈگورننس اور کوالٹی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے ریویوپینل نے سٹی کیمپس کے اکیڈیمک بلاک میں فیکلٹی ممبران ، انتظامی آفیسران اور طلباء کے لئے الگ الگ تربیتی اور انٹر ایکٹو پروگرام کا اہتمام کیا۔جس میں تجربہ کار ماہر ین تعلیم اور سکالر پر مشتمل ریویو پینل کے ارکان نے یونیورسٹی منیجمنٹ اور کیمپس منیجمنٹ سمیت ایچ ای سی سے متعلقہ دیگر امور کے بارے میں شرکاء کو تربیت دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ہدایت کی روشنی میں ملک کے ا علیٰ تعلیمی اداروں میں گڈ گورنس اور تعلیمی معیار کو یقینی بنانے کے سلسلے میں قائم کردہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آبادکی ایک چار رکنی اعلیٰ سطح ریویو پینل نے قائد اعظم یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر اور ایچ ای سی کے سابق ڈی جی کیو اے اے ڈاکٹر خواجہ اعظم علی کی سربراہی میں تربت یونیورسٹی کا دورہ کیا ۔

(جاری ہے)

اس دوروزہ دو رے میں ایچ ای سی کے ذیلی ادارہ کیو اے اے کے سابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خواجہ اعظم علی نے فیکلٹی ممبران کو ملک کی معاشرتی اور اقتصادی ترقی ، دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کی صف میں شامل ہونے کے لئے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں کوالٹی کو یقینی بنانے کی ضرورت واہمیت اور یونیورسٹی اساتذہ کے کردار اور ذمہ داریوں کے بارے میں اظہار خیال کیا۔

جبکہ ڈی جی کیو اے ڈی ڈاکٹر محمد اسماعیل اور ایچ ای سی کے ذیلی ادارہ کیو اے اے کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رفیق بلوچ نے یونیورسٹی کے انتظامی آفیسران کے ساتھ تربیتی نشست میں ان دونوں اداروں کے کام کرنے کے طریقہ کار،یونیورسٹیوں میں گڈ گورننس کی ضرورت و اہمیت، یونیورسٹی اور کیمپس منیجمنٹ ، ایم فل اور پی ایچ ڈی سمیت یونیورسٹیوں میں شروع ہونے والے مختلف پروگراموں کی ایکریڈیشن کا طریقہ کار،یونیورسٹیوں کا سکولوں اور کمیونٹی کے ساتھ رابطوں کی ضرورت اور ڈگریوں کی تصدیق سمیت ہائر ایجوکیشن کمیشن سے متعلق دیگر معاملات کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر تربت یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر عبدالصبور بلوچ نے بیرون ملک زیر تعلیم تربت یونیورسٹی کے ایم فل، پی ایچ ڈی سکالرز کے مسائل اور سکالرشپ کے حصول کے سلسلے میں درپیش مشکلات کے بارے میں آگاہ کیا۔طلباء کے ساتھ انٹر ایکٹو سیشن میں پنجاب یونیورسٹی کے ماہر تعلیم ڈاکٹرعبدالمجید چیمہ نے طلباء کی کیرئیر کو نسلنگ سمیت سوشل سائنسز کی اہمیت اور سکالرشپ کے حصول کے طریقہ کار کے بارے میں طلباء و طالبات کو معلومات فراہم کیں۔ آخر میں وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے تربت یونیورسٹی کا دورہ اور تربیتی سیشن کے انعقاد پر ایچ ای سی کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور وفد کے ارکان کو شیلڈ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :