حکومت پنجاب نے گندم کے خریداری مراکز پر کاشتکاروں کی سہولت کیلئے پینے کے پانی ، سائے اور بیٹھنے کے مناسب انتظام کی ہدایت کر دی

جمعہ 8 اپریل 2016 14:26

فیصل آباد۔8 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 اپریل۔2016ء )حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں گندم کے تمام خریداری مراکز پر کاشتکاروں ، زمینداروں اور کسانوں کی سہولت کیلئے پینے کے صاف و ٹھنڈے پانی ، سایہ دار جگہ اور بیٹھنے کیلئے مناسب انتظامات کی ہدایت کی ہے،فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتا یا کہ اس سلسلہ میں تمام اضلاع کے ڈی سی اوز اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز کے نام جاری کئے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ وہ تمام سنٹرز پر مذکورہ ہدایات پر عملدر آمد یقینی بنائیں اور وقتاً فوقتاً سنٹرز کی چیکنگ بھی کریں، انہوں نے بتا یا کہ تمام سنٹرز پر محکمہ مال اور محکمہ خوراک کا عملہ تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلداروں ، پٹواریوں ، لیبر آفیسرز اور مارکیٹ کمیٹیوں کے حکام کو بھی ان کی معاونت کی ہدایت کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ باردانہ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر صرف متعلقہ زمینداروں اور کاشتکاروں کو ہی فراہم کیا جائے گا۔