زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکا ربیع فیسٹیول اختتام پذیر

پیر 7 نومبر 2016 23:26

فیصل آباد۔7 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2016ء)زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے ربیع فیسٹیول اختتام پذیر ہوگیا جس میں کسان میلہ‘ فوڈ سٹریٹ‘ قومی سیمینار‘ بکرا میلہ ‘ کبڈی ‘ ہینڈ بال اور رسہ کشی کے مقابلوں سمیت ایکسپو سینٹر میں زرعی و ٹیکسٹائل نمائش میں بھی روزانہ ہزاروں لوگوں کی آمد نے اسے ہردلعزیز ‘ دلچسپ اور خوبصورت پروگرام بنا دیا۔

فیسٹیول کے آخری روز زرعی و ٹیکسٹائل نمائش اختتام میں لگائے گئے درجنوں سٹالز کے خوبصورت ڈسپلے‘ ڈیزائننگ اور دلچسپ پیشکش کو لوگوں نے خوب سراہا۔فیسٹیول کے آخری روز نمائش میں لگائے گئے سٹالز میں پوزیشنوں کا اعلان کر دیا گیا۔ فیسٹیول کی اختتامی تقریب ایکسپو سنٹر میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں تھے جنہوں نے ٹیکسٹائل‘ ایگریکلچر‘ اینیمل سائنسز اور بنیادی سائنسز کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے سٹال ہولڈرز میں انعامات و سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

ڈین کلیہ زراعت و کنونیئر فیسٹیول پروفیسرڈاکٹر محمد امجد نے انتظامی کمیٹی کے کنونیئر ز اور ان کی ٹیموں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فیسٹیول کی کامیابی میں ان کے کردار کی تعریف کی۔ نتائج کے مطابق ایگریکلچر کیٹیگری میں شعبہ پلانٹ بریڈنگ وجنیٹکس نے پہلی‘ بنیادی سائنسز میں کیمسٹری‘ اینیمل سائنسز میں انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل سائنسز جبکہ ٹیکسٹائل کیٹگری میں نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے سٹال نے سبقت حاصل کی ۔