صنعت زار کی خواتین میں وظائف اورسرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب

جمعہ 18 نومبر 2016 15:39

فیصل آباد۔18 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2016ء)تیس ماہ کے دوران صنعت زار فیصل ۱ٓبادسے 825 خواتین نے چھ ماہ دورانیہ کے ڈپلومہ انفارمیشن ٹیکنالوجی،بیوٹیشن،فائن آرٹ،ڈریس میکنگ اور دیگر کورسز مکمل کر لئے ہیں۔وزیراعظم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تیسرے مرحلے میں مختلف پیشہ وارانہ فنون میں تربیت مکمل کرنیوالی خواتین میں وظائف اورسرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب صنعت زار سوشل ویلفیئر کمپلیکس پیپلز کالونی میں منعقد ہوئی جس میںڈی سی او سلمان غنی مہمان خصوصی جبکہ چیئر پرسن ایڈوائزری کمیٹی / ایم پی اے مدیحہ رانا نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی۔

ڈی سی او سلمان غنی نے چھ ماہ دورانیے کے مختلف علوم فنون کے کورسز مکمل کرنیوالی طالبات کومبارکباد دی اور کہا کہ خواتین ہماری آبادی کا نصف سے زائد حصہ ہیں جنہیں قومی ترقی اور معاشی سرگرمیوں میں وسیع مواقع فراہم کئے جارہے ہیں اورصنعت زار میں خواتین کو مختلف فنون کی تربیت بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فنون پر عبور حاصل کرنے والی خواتین روزگار کما کر اپنے خاندان کی بہترانداز میںکفالت کرسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ خواتین کی ترقی کے منصوبوں کو مزید آگے بڑھارہی ہے۔ڈی سی او نے ای ڈی او کمیونٹی ڈویلپمنٹ سے کہا کہ وہ خواتین کی ترقی کے اقدامات کو وسعت دینے کے لئے پلان تیار کریں اس ضمن میں اگر وفاقی،صوبائی اور ضلعی سطح پر وسائل کی ضرورت ہو تو بھر پور معاونت کی جائے گی۔انہوں نے کورسز مکمل کرنے والی خواتین سے کہا کہ وہ سیکھے گئے فنون دیگر خواتین کو بھی سکھائیں تاکہ ہنرمندافرادی قوت میں اضافہ ہواورتعلیم یافتہ معاشرہ پروان چڑھ سکے۔

انہوں نے صنعت زار میں پینٹنگز،کوکنگ،بیوٹیش،سلائی کڑھائی اور دیگر کلاسز کا بھی دورہ کیا اور خواتین سے وزیراعظم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کی اہمیت وافادیت کے بارے میں آگاہی حاصل کی ۔چیئر پرسن ایڈوائزری کمیٹی/ ایم پی اے مدیحہ رانا نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق موجودہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کوبھی پیشہ وارانہ فنون میں ہنر مند بنایا جارہا ہے تاکہ وہ روزگار کماکراپنے خاندان کی معاشی سرگرمیوں میں کرداراداکرسکیں۔

ای ڈی او(سی ڈی) نے کہا کہ ٹریننگ کورسز کے ذریعے نوجوانوں سمیت خواتین کو بھی مختلف فنون کی طرف راغب کیا جارہا ہے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی بھرپور معاونت حاصل ہے۔مینجر صنعت زار نے بتایا کہ صنعت زار میں خواتین کے لئے مختلف نئے کورسز کے اجراء کے سلسلے میں منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔