چیف آف دی ائیر سٹاف نیشنل کبڈی چیمپین شپ 2016(سرکل اسٹائل) 28 نومبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگی

پیر 21 نومبر 2016 14:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2016ء) پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیراہتمام چیف آف دی ائیر سٹاف نیشنل کبڈی چیمپین شپ 2016(سرکل اسٹائل) 28 نومبر سے جناح سٹیڈیم ،اسلام آباد میں شروع ہوگی، ان خیالات کا اظہار پاکستان ائیرفورس کے ڈائریکٹر سپورٹس گروپ کیپٹن اصغر اعوان نے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور کے ہمراہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے میڈیا سنٹر میں ایک پریس بریفنگ کے دوران کیا، اس موقع پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کے نائب صدر کرنل(ر) انعام الحق اور چیف ایگزیکٹو ، سٹاربری سپورٹس مینجمنٹ حیدر علی دائودخان بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 12ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں پاکستان ائیر فورس، پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا، پولیس، ہائیر ایجوکیشن کمیشن، ریلویزے، سوئی گیس، پنجاب، بلوچستان، سندھ، خیبر پخونخواہ اور آزاد کشمیر شامل ہیں اور ان ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، چیمپئن شپ میںگروپس میں سنگل لیگ کی بنیاد پر میچز کھیلے جائیں گے اور ہر گروپ میں سے ٹا پ دو، دوٹیمیں کواٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی، ٹورنامنٹ میں شرکت کے لئے ٹیمیں 27 نومبر کو اسلام آباد پہنچیں گی اور اسی روز منیجرز میٹنگ ہوگی، چیمپین شپ میں 8 لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے ، چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے لئے 4لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری پوزیشن پر آنے والے والی ٹیم کو 2لاکھ روپے جبکہ تیسری اور چوتھی پوزیشن کی ٹیموں کو 75ہزار ، 75ہزار روپے کی انعامی رقم دی جائے گی اس کے علاوہ چیمپین شپ کے بہترین دو کھلاڑیوں کو 25 ،25ہزار روپے کی انعامی رقم دی جائے گی،ایک سوال کے جواب میں رانا سرو ر نے بتایا کہ چیمپئن شپ کے دوران اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کا چنائو کرکے قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا اور یہ کھلاڑی مختلف انٹرنیشنل ایونٹس اور عالمی کپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، اسی میں سے سُپر کبڈی لیگ کے لیے بھی کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گاجو کہ آئندہ برس مارچ میں منعقد ہو گی، انہوں نے کہا کہ پہلی سپر لیگ میں قومی کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا جبکہ اس کے بعد منعقد ہونے والی لیگ میںانٹرنیشنل کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا جا ئے گا، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئندہ برس کھیلی جانے والی چیف آف دی ائیر سٹاف نیشنل کبڈی چیمپین شپ میں غیرملکی ٹیموں کو بھی مدعو کیا جائے گا، رانا سرور نے چیف آف دی ائیر سٹاف، ائیر چیف مارشل سہیل امان کا ٹورنامنٹ کروانے پر شکریہ ادا کیا، چیف ایگزیکٹو ، سٹاربری سپورٹس مینجمنٹ حیدر دائود نے کہا کہ ہماری کمپنی ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کر رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی-

متعلقہ عنوان :