محکمہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں، سردار اسلم بزنجو

جمعرات 24 نومبر 2016 19:27

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2016ء)صوبائی وزیر زراعت وامداد باہمی سردار اسلم بزنجو نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں،زراعت ملک اور بلوچستان کی ترقی میںریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور بلوچستان کا مستقبل زراعت سے وابستہ ہے محکمہ زراعت کے اہلکاروں کا فرض بنتا ہے کہ وہ اپنے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کے لیے کردار ادا کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ زراعت زیارت کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر مشیر صنعت حرفت درمحمد ناصر ،سیکرٹری زراعت عبدالرحمان بزدار ،ڈی جی زراعت مسعود بلوچ اور ڈپٹی ڈائر یکٹر زراعت وتوسیعی زیارت سید فیض اللہ شاہ بھی موجود تھے ۔سید فیض اللہ شاہ نے اس موقع پر محکمانہ بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر زراعت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت زراعت کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے ،زراعت ملک اور بلوچستان کی ترقی میںریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور بلوچستان کا مستقبل زراعت سے وابستہ ہے محکمہ زراعت کے اہلکاروں کا فرض بنتا ہے کہ وہ اپنے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کے لیے کردار ادا کریں اور کسانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ان کے اعتماد کو بحال کریں۔

انہوں نے کہاموجودہ حکومت نے زراعت کے شعبہ پر بھرپور توجہ دی ہے اور کاشتکاروں کے دیرینہ مسائل حل کئے ہیں ،بلوچستان کے عوام کازیادہ تر گزر بسر زراعت پر ہے ،کسان اس کی اہمیت سے آگاہ ہے اور بلوچستان حکومت کاشتکاروں کو خوشحال دیکھنا چاہتی ہے،محکمہ زراعت کے اہلکار اپنے فرائض منصبی ایمانداری سے ادا کریں اور زراعت کی ترقی کے لیے کردار ادا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ زراعت کے اہلکار اپنے ڈیوٹیوں کو ایمانداری سے ادا کریں اپنے کام میں غفلت اور تساہل کرنے والے ا ہلکاروں کے خلا ف کاروائی کریں گے ۔صوبائی مشیر صنعت سردار درمحمد ناصر نے کہا صوبائی حکومت عوام کے مسائل کے حل کے لیے تما م دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اورعوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جارہے ہیں ،عوام کے ساتھ جو وعدے کئے تھے ان کو پورا کررہے ہیں اور عوام کے اعتماد پر پورا اتررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت زراعت سمیت تمام شعبوں کی ترقی کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کررہی ہے۔