پاک ترک سکولوں کے اساتذہ کی ملک بدری کے حکم پر عملدرآمد روک دیا گیا

پاک ترک فائونڈیشن کے ترک اساتذہ کی ملک بدری سے سکولوں کے 11 ہزار سے زائد طلبہ متاثر ہوں گے،درخواست گزار

منگل 29 نومبر 2016 11:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 نومبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے پاک ترک سکولوں کے اساتذہ کی ملک بدری کے احکامات پر عمل درآمد روک دیا ، وزارت داخلہ کو اگلی سماعت کے لیے نوٹس جاری کر دیئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے ترک اساتذہ کی درخواست پر سماعت کی جس میں پاک ترک سکولوں کے اساتذہ کی ملک بدری کو چیلنج کیا گیا ہے۔

درخواست میں بتایا گیا کہ وزارت داخلہ نے پاک ترک فائونڈیشن کے ترک اساتذہ کی ملک بدری کا حکم جاری کیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں یہ انکشاف کیا گیا کہ ملک بدری سے پاک ترک فائونڈیشن کے سکولوں میں 11 ہزار طلبہ متاثر ہونگے جبکہ یہ قانونی نکتہ بھی اٹھایا گیا ہے کہ طلباء سے تعلیم کا حق چھیننا آئین کے تحت بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی پاک ترک فائونڈیشن کے سکولوں کی بندش کو روکا جائے اور ترک اساتذہ کی پاکستان بدری کے احکامات کالعدم قرار دیئے جائیں جس پر ہائیکورٹ نے 103 اساتذہ کی ملک بدری کے احکامات روک کر وزارت داخلہ کو مزید سماعت کے لیے نوٹس جاری کر دیئے۔ درخواست پر مزید سماعت 17 جنوری کو ہوگی۔