دیار غیر میں مقیم سیاسی و قبائلی رہنما سردار مابت خان محمد حسنی نے وطن واپس آکر انتخابات لڑنے کا اعلان کردیا

جمعہ 9 دسمبر 2016 22:49

دیار غیر میں مقیم سیاسی و قبائلی رہنما سردار مابت خان محمد حسنی نے وطن ..

چاغی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 دسمبر2016ء)بیرون ملک مقیم سیاسی و قبائلی رہنماء سردار مابت خان محمد حسنی نے وطن واپس آکر 2018 کو چاغی سے انتخابات لڑنے کا اعلان کر دیا۔ اس بات کا اعلان انہوں نے جمعے کو دالبندین پریس کلب میں سعودی عرب سے ٹیلی فونک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا جس کے دوران انہوں نے کہا کہ محض دو پینل مل کر چاغی کے عوام کو بیوقوف بنارہے ہیں حالانکہ اندر سے دونوں ایک ہیں لیکن ایک اقتدار جبکہ دوسری اپوزیشن میں رہ کر عوام کے فنڈز ہڑپ کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چاغی میں آج بھی پسماندگی کا دوردورہ ہے جہاں لوگوں کو زندگی کی بنیادی ضرورت پانی تک نہیں ملتی جبکہ ہسپتالوں اور اسکولوں میں صحت اور تعلیمی سہولیات کا نام و نشان تک نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی ضلع چاغی بھر میں لیویز کی چیک پوسٹوں پر لوگوں سے بھتہ لیا جاتا ہے جس کی کمائی سیاسی اشرافیہ تقسیم کرکے کھاجاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چاغی میں بدامنی نے بھی لوگوں کا جینا محال بنادیا جہاں چوروں، ڈاکوئوں اور اغواکاروں کے ہاتھوں کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہوںنے چاغی کے صوبائی اسمبلی کی شست پی بی 39 سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ بھی چاغی کی پسماندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیاکیونکہ روز اول سے اس علاقے کے نمائندوں نے الیکشن جیتنے کے بعد عوامی فنڈز اور وسائل کو اپنی جیبوں میں ڈالا جو اسمبلی میں بات تک نہیں کرسکتے وہ لوگوں کی کیا نمائندگی کریں گے۔ انہوںنے عوام بالخصوص نوجوانوں سے گزارش کی کہ وہ آگے بڑھ کر ان کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ چاغی میں ایک حقیقی تبدیلی لاکر علاقے کی غریب عوام کو چوروں ، ڈاکوئوں، کرپٹ مافیا اور دھوکے بازوں سے نجات دلایا جاسکے۔