کاشتکار موسم سرما کی کاشتہ سبزیوںکوبچانے کیلئے موسمی اثرات سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیارکریں،محکمہ زراعت

جمعرات 15 دسمبر 2016 13:25

لاہور۔15 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2016ء) کاشتکار موسم سرما کی کاشتہ سبزیوںکوبچانے کیلئے موسمی اثرات سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے،محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابقسخت سردی ،دھند اور کورے سے بچانے کیلئے ٹماٹر ، مرچ ، بینگن،کھیرا اور چپن کدو کو کورے سے بچانے کے لئے سرکنڈا یا پرالی سے ڈھانپیں ۔

انہوںنے کہاکہ جب رات کو کورا سبزیوں کے پتوں پر پڑتا ہے تو ٹھنڈک کی وجہ سے پتوں کا پانی جمنے کے باعث پھیل جاتا ہے۔اس پھیلنے کے عمل سے پتوں کے خلیے ٹوٹ جاتے ہیں اور بعد میں نئی کونپلیں اور پتے خشک ہوجاتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ سبزیوں کے کاشتکارریڈیو ،ٹیلی ویژن اور اخبارات کے ذریعے کورا پڑنے کی پیش گوئی حاصل کریں اور وسط دسمبر تا وسط فروری کم سے کم درجہ حرارت معلوم کرنے کے لیے کھیتوں میں مخصوص جگہوں پر تھرما میٹر لگائیں ۔

(جاری ہے)

جب درجہ حرارت 0.5ڈگری تک گر جائے تو کورا پڑنے کی توقع کی جاسکتی ہے اس لیے ان راتوں میں کھیتوں کی ہلکی آبپاشی کریں۔ہوا توڑ باڑیں سبزیوں کو سرد ہوائوں سے بچاتی ہیں لہذا کورے کے دنوں میں ان کا استعمال کیا جائے ۔ کاشتکار سبزیات کو سر د موسم میں پلاسٹک شیٹ لگا کر کورے اور دھند کے اثرات سے محفوظ بنائیں ۔بانس یا عام سریا کی مدد سے عارضی ٹنل بنا کر اسے پلاسٹک شیٹ سے کور کریں۔

دن کے وقت 11بجے تا3بجے شام تک پودوں کو دھوپ لگوانے کے لیے پلاسٹک شیٹ ہٹا دیں اور رات کے وقت دوبارہ ڈال دیں ۔انہوںنے کہاکہ رات 11بجے کے بعد سبزیوں کے کھیتوں میں پرانی پرالی یا کھوری کو آگ لگا کر دھواں کریں ۔ ان عوامل سے سبزیوں کے پودوں کو کورے کے اثر سے بچایا جاسکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ سبزیوں میں کھادوں کا متوازن اورمتناسب استعمال کریں کیونکہ صحت مند پودے سخت سردی ، دھند اور کورے سے کم متاثر ہوتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :