کپاس کی چنائی کے بعد کیڑوں کا دوسری فصل میں پناہ لینے کا انکشاف، کاشتکار آف سیزن مینجمنٹ فارمولہ پر عمل کریں

موسم سرمامیں کپاس کے کیڑوں کو تلف کرکے بڑی رقم کو ضیا ع سے بچایا جاسکتا ہے،زرعی ماہرین کسان کپاس کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات شروع کردیں ، آف سیزن فارمولہ پر عمل کیلئے محکمہ زراعت سے رابطہ کریں

جمعرات 15 دسمبر 2016 16:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 دسمبر2016ء) کپاس کے کیڑے آف سیزن میں دوسری سبزیوں میں چھپ کراپنی زندگی بچا لیتے ہیں ،کپاس کے کیڑے جنوری میں متبادل فصلوں میں گھس کر اپنی بقاء کو یقینی بنانے کی کوشش میں مصروف ہو جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق چست تیلہ بالغ حالت میں بینگن، ٹماٹراور آلو کی فصلوں کو اپنا مسکن بنا لیتے ہیں۔ سفید مکھی بالغ اور بچوں کی حالت میں گوبھی، آلو ، ٹماٹر اور تھرپس بالغ حالت میں لہسن اور پیاز، سست تیلہ بالغ اور بچوں کی حالت میں گوبھی اور جڑی بوٹیاں ، مائٹس بالغ اور بچوں کی حالت میں گوبھی اور جڑی بوٹیوں، گلابی سنڈی خوابیدگی کی حالت میں ٹینڈوں میں،لشکری سنڈی کویا حالت میں مٹر گاجر بند گوبھی، پھول گوبھی اور ملی بگ بالغ اور بچوں کی حالت میں کپاس کی چھڑیوں میں جڑی بوٹیاں اور چائنہ گلاب میں موجود ہوتے ہیں جبکہ لشکری سنڈی اور چتکبری سنڈی بھی دوسری فصلوں میں موجود رہ کر اپنی بقاء یقینی بنانے کی کوشش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

زرعی ماہرین کے مطابق کپاس کی فصل سے فی ایکڑ زیادہ اور معیاری پیداوار حاصل کرنے کے لئے اس پر حملہ آور ہونے والے کیڑوں پر سارا سال نگاہ رکھنی چاہئے تاکہ کم لاگت سے بہتر نتائج حاصل کئے جا سکیں۔ اب فصل کی آخری چنائی مکمل ہو چکی ہے۔ اس کے بعد از برداشت عوامل پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ کپاس کی فصل کے لئے بے شمار نقصان رساں کیڑے کسی نہ کسی حالت میں کپاس کی باقیات ، کپاس کے بعد خالی کھیتوں یا متبادل میزبان فصلوں ، سبزیوں اور جڑی بوٹیوں پر موجود رہتے ہیں اور دوران فصل ان کو کنٹرول کرنے کے لئے ایک خطیر رقم درکار ہوتی ہے۔

اس لئے اب اس موسم میں انہیں تلف کرکے مستقبل میں ان کو مارنے کے لئے بڑی رقم کے خرچ کرنے کی بچت کی جاسکتی ہے،سردیوں کے دوران نقصان رساں کیڑے تعداد میں کم ہوتے ہیں اور کپاس کی فصل کا بظاہر نقصان نہیں کرتے مگر آئندہ فصل کی آمد پر یہی کیڑے افزائش نسل کرکے ایک بڑے نقصان کا باعث بنتے ہیں۔ اس لئے ان کو سردوں کے دوران یا آئندہ فصل سے قبل کنٹرول کرنے کے لئے اٹھانے چاہئیں۔