محمد عربی کے نظام کے ذریعے ہی امن ، خوشحالی ، سکون اور مشکلات سے چھٹکارہ مل سکتا ہے، حافظ عبد الواحد شیخ

پیر 19 دسمبر 2016 22:32

محمد عربی کے نظام کے ذریعے ہی امن ، خوشحالی ، سکون اور مشکلات سے چھٹکارہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 دسمبر2016ء) جماعت اسلامی کراچی کے رہنماء حافظ عبد الواحد شیخ نے کہا ہے کہ محمد عربی کے نظام کے ذریعے ہی ملک میں امن ، خوشحالی ، سکون اور مشکلات سے چھٹکارہ مل سکتا ہے ، مغرب نے ہمیشہ امت مسلمہ کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش کی ، مسلمانوں کا اتحاد ایٹم بم سے بھی زیادہ طاقت ور ہے ، وہ جماعت اسلامی حلقہ مدینہ مسجد کے زیر اہتمام محفل سماع و سیرت النبی ؐ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ، اس موقع پر نعت خواں حضرات نے گل ہائے عقیدت پیش کیے، نائب امیر زون غیاث الدین عباسی بھی موجود تھے۔

عبد الواحد شیخ نے کہا کہ آئین پاکستان میں حاکمیت اعلیٰ اللہ تعالیٰ کی تسلیم کی گئی ہے اس لیے آئین کا تقاضاہے کہ اقتصادی سمیت تمام شعبوں کو قرآن و حدیث کاطابع بنایا جائے۔

(جاری ہے)

1973 ء کے آئین کا تقاضاہے کہ سودی نظام کو ختم کر کے اسلامی نظام معیشت کو اپنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم کی سنت اور تعلیمات کو اختیا ر کر کے ہی امت عروج کا راستہ حاصل کرسکتی ہے۔

قرآن پاک اور سیرت مطہرہ دو الگ الگ چیزیں نہیں ہیں ان دونوں کو تھام کر ہی ہم فلاح و کامرانی حاصل کرسکتے ہیں، سیرت پاک میں ہر چھوٹے بڑے کام کرنے کا طریقہ اور رہنما اصول موجود ہیں،نبی کریم سے محبت اور دین سے پختہ اور مکمل وابستگی اختیارکرنی ہوگی،حافظ عبد الواحد شیخ نے کہا کہ مسلمانوں کو جن احکامات اور عبادات کا حکم دیا ہے اس کے ساتھ صرف یہ فرمایا گیا ہے کہ انہیں اختیار کرو لیکن جب درودو سلام کا حکم دیاتو فرمایا کہ میں بھی محمد پر درودوسلام بھیجتا ہوں اور فرشتے بھی بھیجتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیرت طیبہکا اصل سبق یہ ہے کہ محمدی نظام، خلافت طیبہ کو عملی طور پر زمین پر نافذ کیا جائے اور اس کے خلاف جو بھی اقدامات اور سازشیں ہورہی ہوں ان کا مقابلہ کیا جائے۔