حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے اہم اقدامات کر رہی ہے، ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا

جمعہ 23 دسمبر 2016 15:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2016ء) پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا نے کہا ہے کہ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے اہم اقدامات کر رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز قائد اعظم اوپن آرچری چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کے بعد اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈی جی شاہد اسلام بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیراہتمام کبڈی ، جوڈو، اٹھلیٹکس، ریسلنگ، سائیکلنگ اور تائیکوانڈو کے تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں جاری ہیں،جس میں کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیںاور کھلاڑیوں کی فٹنس اور ویٹ ٹریننگ کے لئے جم بھی موجود ہیں جن میں انٹرنیشنل سطح کی سہولیات موجود ہیں اور کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ کے دوران تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور کھلاڑیوں کو بھی چاہئے کہ وہ دل لگا کر محنت کریں تاکہ انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ تمام کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کر رہا ہے اور اچھے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل سطح پر مواقعے بھی فراہم کئے جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں آرچری کا کھیل بہت کم وقت میں تیزی کے ساتھ مقبول ہو رہا ہے اور قائداعظم اوپن آرچری چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی منظر شاہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

متعلقہ عنوان :