کینگروز کے خلاف ون ڈے سیریز میں سٹیون سمتھ میرے نشانے پر ہوں گے، محمدعرفان

ہفتہ 31 دسمبر 2016 19:46

کینگروز کے خلاف ون ڈے سیریز میں سٹیون سمتھ میرے نشانے پر ہوں گے، محمدعرفان
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 دسمبر2016ء) قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر محمدعرفان نے سکواڈ میں واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کینگروز کے خلاف شیڈول ون ڈے سیریز میں میزبان ٹیم کے ان فارم کپتان سٹیون سمتھ میرے نشانے پر ہوں گے، کوشش ہو گی کہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کروں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دراز قد کی وجہ سے مجھے دوسرے بائولرز پر برتری حاصل ہے اسلئے کینگروز کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران بائونسی وکٹوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ وکٹیں لینے کی کوشش کروں گا اور سمتھ میرا مین ٹارگٹ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ آسٹریلیا میں منعقدہ ون ڈے ورلڈکپ میں مجھے خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی تھی لیکن اب میری وہاں کی کنڈیشنز سے اچھی آگاہی ہے اسلئے اس بار میں مختلف بائولر ثابت ہوں گا۔ انہوں نے کہا میں سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ کے اعتماد پر ان کا شکر گزار ہوں اور آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں عمدہ پرفارم کر کے اپنی سلیکشن کو درست ثابت کرنے کیلئے سخت محنت کروں گا۔