باغبانوں کو رواں ماہ کے دوران انگور کی قلمیں تیار اور شاخ تراشی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت

بدھ 4 جنوری 2017 16:49

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2017ء)باغبانوں کو رواں ماہ جنوری کے دوران شاخ تراشی کے عمل کے ساتھ انگور کی قلمیں تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ جنوری کے مذکورہ ایام میں جب انگور کی بیلیں خوابیدہ حالت میں ہو ںتو ان کی شاخ تراشی کے عمل کے ساتھ قلمیں تیار کر لی جائیں اور قلمیں تیار کرنے کے بعد انہیں چھوٹے چھوٹے بنڈلوں کی صورت میں باندھ کر نمدارریت یا مٹی میں کم و بیش ایک ماہ کیلئے دبادیاجائے کیونکہ اس عمل کے نتیجے میں قلمیں نرسری میں لگانے کے بعد جلد ہی جڑیں اور پھوٹ نکالنا شروع کردیتی ہیں۔

(جاری ہے)

ماہرین زراعت نے اے پی پی کو بتایاکہ انگور کی کاشت تقریباًہر قسم کی زمین میں کی جاسکتی ہے تاہم انگورکی کامیاب کاشت کیلئے درمیانی ذرخیز ، ہلکی میرا اور مناسب مقدار میں نامیاتی مادہ رکھنے والی زمین زیادہ موزوں ہے البتہ کلراٹھی ، سیم زدہ اور بھاری میرازمین سمیت ایسی زمین جس میں پانی دیر تک کھڑارہے وہ انگور کی کاشت کیلئے مناسب نہیں ۔انہوںنے کہاکہ انگور کی اقسام کنگز روبی ، فلیم سیڈلیس ،پرلٹ ،تھامپسن سیڈلیس کی کاشت سے بہتر پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔