سڈنی ٹیسٹ،آسٹریلیا نے پاکستان کو220 رنز سے شکست دیکرکلین سویپ مکمل کرلیا

ہفتہ 7 جنوری 2017 09:13

سڈنی ٹیسٹ،آسٹریلیا نے پاکستان کو220 رنز سے شکست دیکرکلین سویپ مکمل کرلیا

سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔7 جنوری2017ء)آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں 220رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کلین سویپ مکمل کرلیا ۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ کے آخری روز پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز 1 وکٹ کے نقصان پر 55 رنز سے کیاتواظہر علی ابتدا میں ہی 11 رنز بنا کر ہیزلووڈ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے،بابر اعظم بھی صرف 9 رنز بنا کر ہیزلووڈ کی گیند پر پویلین لوٹ گئے ،یونس خان اور یاسر شاہ بھی وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹک سکے ، یونس 13 رنز بنا کر نیتھن لیون کا شکار بنے جبکہ یاسر شاہ بھی 13 بنا کر اوکیف کی گیند پر آؤٹ ہوگئے ۔

اسد شفیق 30رنز بنا کر سٹارک کی گیند پر بولڈ ہوئے،کپتان مصباح الحق نے ایک بار انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہر ہ کرتے ہوئے اوکیف کو اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ گنوائی،وہاب ریاض 12رنز بنا کر اوکیف کی تیسری وکٹ بنے،محمد عامر 5رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ عمران خان بغیر رن سکور کیے ہیزلووڈ کا تیسرا شکار بنے۔

(جاری ہے)

وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد 72رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔

آسٹریلیا کے لیے ہیزلووڈ اور او کیف نے 3،3جبکہ لیون نے 2اور سٹارک نے ایک شکار کیا ۔ اس سے قبل ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے آسٹریلیا کی جانب سے دیئے گئے 465 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایک وکٹ پر 55 رنز بنا لئے تھے ۔ اس سے قبل سڈنی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے آسٹریلیا کی جانب سے 465 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اپنی اننگز کا آغاز کیا تو 15 اوورز کا کھیل باقی تھا، قومی ٹیم کا سکور 51 رنز تک پہنچا تو نیتھن لیون کی گیند پر شرجیل نے مڈ وکٹ پر اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ڈیوڈ وارنر کو کیچ تھما دیا، اوپنر نے آؤٹ ہونے سے قبل 38 گیندوں پر6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 40 رنز بنائے ۔

نائٹ واچ مین یاسر شاہ 3 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ اظہر علی نے 11 رنز بنا رکھے ہیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیون نے واحد وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل کینگروز نے 223 رنز کی برتری حاصل کرنے کے باوجود پاکستان کو فالو آن کرانے کے بجائے خود بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بناکر دوسری اننگز ڈیکلیئر کردی، میزبان اوپنر ڈیوڈ وارنر نے ابتدا ہی سے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 23 گیندوں پر ففٹی مکمل کی، انہیں 55پر وہاب ریاض نے بولڈ کیا، سٹیو سمتھ (59) نے یاسر شاہ کی گیند پر سرفراز احمد کو کیچ دیا، آسٹریلیا کا ٹوٹل 2 وکٹ پر 241 تک پہنچا تو کپتان نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان کو فتح کیلئے 465 رنز کا ٹارگٹ دیا۔

عثمان خواجہ 79 اور پیٹر ہینڈز کومب 40 پر ناٹ آؤٹ رہے ۔قبل ازیں چوتھے روز کا کھیل بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا تو پوری مہمان ٹیم پہلی اننگز میں 315 رنز پر ڈھیر ہو گئی، پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 8وکٹ پر 271 رنز سے شروع کی تو یونس خان 136اور یاسر شاہ 5 رنز کے ساتھ کریز پر آئے ،اس وقت بھی فالو آن سے بچنے کیلیے 67 رنز درکار تھے ، سینئر بیٹسمین میزبان بولرز کا آخر تک ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے اور 175 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے لیکن ٹیل اینڈرز ساتھ چھوڑ گئے ، جوش ہیزل ووڈ نے دونوں کو چلتا کردیا، یاسر شاہ 10 رنز بنا کر سلپ میں سٹیون سمتھ کو کیچ دے بیٹھے اور اسی اوور میں عمران خان بھی بولڈ ہو گئے ۔

آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل ووڈ 4، نیتھن لیون3، مچل سٹارک اور سٹیو اوکیف ایک ایک وکٹ لے اڑے ۔ یاد رہے کہ کینگروز نے اپنی پہلی اننگز 8 وکٹ پر 538 رنز بناکر اپنی اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔