پودوں اور سبزیوں کوکورے سے بچانے کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

بدھ 11 جنوری 2017 13:53

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2017ء)محکمہ زراعت فیصل آباد نے کاشتکاروں کو سبزیوں کو کورے اور سردی سے بچانے کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ چونکہ سخت سردی کے موسم میں کورے کی وجہ سے پودوں کے تنوں ، شاخوں اور پتوں کے خلیوں میں موجود پانی جم کر برف بن جاتا ہے اس لئے پودوں کی بڑھوتری بری طرح متاثر ہوتی ہے اور شدید سردی کی وجہ سے پودے مر بھی جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ سبزیوں کو کورے سے بچانے کے لیے کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ فصل کی آبپاشی کا وقفہ کم کردیں اور ہلکا پانی دیں۔ فصل کے اردگرد بھوسہ، پرالی یا گھاس وغیرہ جلا کر دھواں کریںتاکہ درجہ حرارت کو بڑھایا جا سکے۔ چھوٹی سبزیوں یا نرسریوں کو رات کے وقت پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دیںاور سبزیوں کو ٹھنڈی ہوائوں سے بچانے کے لیے شمال کی طرف سرکنڈا لگادیں۔ انہوںنے کہاکہ اس ضمن میں مزید معلومات ، رہنمائی ، مشاورت کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا صبح 8سے رات 8بجے تک فری ایگریکلچرل ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔