محکمہ زراعت کا ترقیاتی پروگرام دراصل کسان کا ترقیاتی پروگرام ہے، محمد محمود

سالانہ ترقیاتی پروگرام بہبودِ کسان کے لئے ہے۔ ترقیاتی منصوبے جتنی جلد مکمل ہوں گے اتنی ہی جلد کسان ترقی کرے گا، سیکرٹری زراعت

پیر 16 جنوری 2017 21:52

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2017ء) سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت کا ترقیاتی پروگرام دراصل کسان کا ترقیاتی پروگرام ہے۔ ماہرین اور محققین کی سفارشات کی روشنی میں تیار کردہ سالانہ ترقیاتی پروگرام بہبودِ کسان کے لئے ہے۔ ترقیاتی منصوبے جتنی جلد مکمل ہوں گے اتنی ہی جلد کسان ترقی کرے گا۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میری اولین ترجیح ہے۔ تمام افسران ان منصوبوں کے حوالے سے اپنی کارکردگی عملی طور پر ثابت کریں۔ پنجاب میں جڑی بوٹی مکائو پیداوار ودھائو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے محکمہ زراعت کے افسران کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ وہ اس حوالے سے ابھی سے اس مہم کو کامیاب بنانے کے خاکہ تیار کریں۔ اس خاکے میں رنگ بھی انہی افسران نے بھرنے ہیں۔ 20فروری سے شروع ہونے والی یہ مہم اپنی مثال آپ ہوگی۔ اس مہم کی کامیابی سے کسان میں نئی امنگ پیدا ہوگی اور اس کا کھیت سے رشتہ مضبوط ہوگا۔