پالتو جانوروں کو بیماریوں سے بچانے کی مہم سے کسانوں اور کاشتکاروں کے معاشی حالات بہتر ہوں گے،محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ

جمعرات 23 فروری 2017 13:36

فیصل آباد۔23 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پالتو جانوروں کو بیماریوں سے بچانے کی مہم سے کسانوں اور کاشتکاروں کے معاشی حالات بہتر ہوں گے جبکہ اس سے جانوروں کی افزائش نسل میں بھی بہتری آئے گی نیز سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب نسیم صادق کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے تمام منصوبے مویشی پال حضرات ، کسانوں ، کاشتکاروں کی مشاورت سے بنانے اور ان پر عملدرآمد کیلئے اعلیٰ سطحی اقدامات کا بھی آغاز کر دیا ہے تاکہ ان کے بہترین نتائج حاصل کرتے ہوئے دودھ وگوشت کی پیداوار میں زبردست اضافہ یقینی بنایاجاسکے۔

انہوں نے بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف کے احکامات کی روشنی میں پہلے مرحلہ میں مویشیوں ، مرغیوں اور دیگر پرندوں و جانووں میں مہلک امراض کی روک تھام کیلئے وسیع پیمانے پر حفاظتی ٹیکے لگانے کا کام مکمل کرلیاگیاہے اور کئی علاقوں میں دوسرے مرحلہ میں بھی خصوصی مہم جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے مذکورہ خصوصی مہم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں اس مہم کے مکمل ہونے پر نہ صرف محکمہ لائیو سٹاک کی عزت ووقار میں کئی گنا اضافہ ہو گا بلکہ پالتو جانور پالنے والے کسانوں کو بھی بے انتہا فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے مزیدبتایا کہ محکمہ لائیو سٹاک کے تمام منصوبے کسانوں، کاشتکاروں اور عوام کی مشاورت سے ہی بنائے جائیں گے جن پر عمل درآمد کیلئے اعلی سطحی پراقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے محکمہ کے افسران اور دیگر سٹاف کی شبانہ روز کاوشوں اور مسلسل کام کرنے پر ان کی کارکردگی کو سراہااور کہاکہ محکمانہ کوششوں سے مقررہ اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی اور ملک دودھ و گوشت کی پیداوار میں خود کفیل بھی ہو سکے گا۔