جعلی کھادوں کی روک تھام کیلئے ڈیلروں کی پڑتال شروع کرنے کی ہدایت کر دی گئی

ہفتہ 25 فروری 2017 13:15

فیصل آباد۔25 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2017ء)حکومت پنجاب نے بعض مقامات پر جعلی ، ناقص ، غیر معیاری کھادوں کی فروخت کی کچھ شکایات کا فوری سختی سے نوٹس لیتے ہوئے جعلی کھادوںکی تیاری و فروخت روکنے کیلئے کھاد ڈیلرز کی پڑتال شروع کرنے کی ہدائت کی ہے اور محکمہ زراعت کے ڈویژنل و ضلعی حکام کے نام جاری مراسلہ میں کہا ہے کہ وہ محکمہ زراعت کے افسران پر مشتمل چیکنگ ٹیمیںتشکیل دیں جو مختلف ڈیلرز کی اچانک پڑتال کریں اور جعلی کیمیائی کھادوں کی تیاری و فروخت میں ملوث افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے ۔

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ذرائع نے بتا یا کہ متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدائت کی گئی ہے کہ وہ جعلی کھاد تیار و فروخت کرنے والوںکے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کروائیں تاکہ ذمہ داران کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ جعلی کھادوں کے استعمال سے جہاں کاشتکاروں کو انتہائی زیادہ مالی بوجھ برداشت کر نا پڑتا ہے وہاں بروقت مناسب کھاد نہ ملنے سے فصلات کی پیداوار بھی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوںنے بتا یا کہ محکمہ زراعت کے حکام پر واضح کر دیا گیا ہے کہ اس ضمن میں کسی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوںنے کاشتکاروں سے بھی اپیل کی کہ وہ جس ڈیلرزسے کھاد خریدیں اس سے رسید ضرور حاصل کریں تاکہ بوقت ضرورت کاروائی میں آسانی ہوسکے۔