کماد کی بہاریہ کاشت کے رقبہ میں 43ہزار ایکڑ کا اضافہ کردیا گیا

جمعہ 3 مارچ 2017 14:26

فیصل آباد۔3 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2017ء)فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ ،چنیوٹ سمیت پنجاب میں کماد کی بہاریہ کاشت کے رقبہ میں 43ہزار ایکڑ کا اضافہ کردیا گیاہے جس کے باعث گزشتہ سال کے 18لاکھ 10ہزار ایکڑ کے مقابلہ میں اس بار 18لاکھ 53ہزار ایکڑ سے زائدرقبہ پر15مارچ تک بہاریہ کماد کی کاشت یقینی بنائی جائیگی۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت کے ذرائع نے بتایاکہ جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے استعمال سے بہاریہ کماد کے کھیتوں سے فی ایکڑ 621 سے 625من فی ایکڑ تک پیداوار حاصل ہونے کاامکان ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ اس طرح مارچ کے وسط تک کاشتہ بہاریہ کماد کی کاشت سے روا ں سال 4کروڑ 10لاکھ ٹن سے 4کرو ڑ 40لاکھ ٹن تک پیداوارحاصل کرنے کاہدف مقرر کیاگیاہے۔ انہوںنے بتایاکہ کماد کی بہاریہ فصل کی کاشت کاموزوں ترین وقت وسط مارچ تک ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ پنجاب بھر میںرقبہ کے لحاظ سے گنے کا شمار گندم ، کپاس ، چاول کے بعد چوتھے نمبر پر ہوتاہے۔ انہوںنے بتایاکہ پاکستان میں کاشتکاروںکی معاشی خوشحالی اور صنعت شکر سازی کیلئے گنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔