کاشتکار کپاس کی کاشت 15اپریل سے قبل ہر گز نہ کریں۔ محکمہ زراعت

بدھ 22 مارچ 2017 23:19

کاشتکار کپاس کی کاشت 15اپریل سے قبل ہر گز نہ کریں۔ محکمہ زراعت
فیصل آباد۔22 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء)کاشتکار کپاس کی کاشت 15اپریل سے قبل ہر گز نہ کریں اور بہاریہ فصلات سے سفید مکھی کا تدارک یقینی بنائیں تاکہ کپاس کی آئندہ فصل کو سفید مکھی کے حملہ سے محفوظ رکھا جا سکے۔محکمہ زراعت کے ترجمان نے آج یہاں کہا ہے کہ سفید مکھی کپاس کا انتہائی نقصان دہ کیڑا ہے جو سارا سال متحرک رہتا ہے اور کپاس کے علاوہ دیگر میزبان فصلات مثلاً مکئی، جوار، تمباکو، سورج مکھی، لوسرن، برسیم، سبزیات مثلاًبھنڈی توری، بینگن، گوبھی، مولی، مرچ، پالک، شکر قندی، چپن کدو، خربوزہ، تربوز، ٹماٹر، پیاز، مٹر، آلو، باغات مثلاًلیچی، ترشاوہ پھل، امرود، بیر ، انار، شہتوت، پپیتا اور جڑی بوٹیوں مثلاًلیہلی، مکو، مینا، کرنڈ، گارڈینیا پر پرورش پاتا ہے۔

(جاری ہے)

کاشتکار بہاریہ فصلات سے سفید مکھی کا تدارک یقینی بنانے کیلئے بہاریہ فصلوں اور سبزیات کی باقیات کو برداشت کے فوراً بعد تلف کردیں، کھیتوں اور کھالوں کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھیں، کپاس کی کاشت کے علاقوں میں اور کپاس کے کھیتوں کے قریب بھنڈی توری ، بینگن اور جوار کاشت نہ کریں۔ بہاریہ فصلات پر سفید مکھی کے کیمیائی تدارک کیلئے محکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے ایسی زہریں سپرے کریں جو سفید مکھی کے تدارک کیلئے موثر اور دوست کیڑوں کیلئے محفوظ ہوں۔