نارنگ منڈی ،خوفناک کٹائو سے اربو ںروپے مالیتی زرخیزترین زرعی رقبہ راوی کی نذر، کاشتکار پریشان

بھارت نے اپنی حدودمیں راوی کنارے حد نگاہ تک بڑے بڑے سٹون سپر بنا لیے ،دن رات کٹائو کے خوفناک عمل سے سرسبز باغات لہراتے کھیت لمحوںمیں صفحہ ہستی سے مٹ رہے ہیں ‘ کسانوں کی گفتگو

جمعہ 28 اپریل 2017 16:14

نارنگ منڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) دریائے راوی کار خ پاکستانی علاقہ کی طرف بڑھنے سے نارنگ منڈی کے سرحد ی علاقہ پسیا نوالہ وگردونواح کے وسیع رقبہ میںراوی اور مرالہ راوی لنک کے خوفناک کٹائو سے تباہی ،اربو ںروپے مالیتی زرخیزترین زرعی رقبہ راوی کی نذرہوچکاہے اوردیگروسیع وعریض زرعی رقبہ بھی تیزی سے کٹائوکی نذ ر ہوتے دیکھ کر غریب کسان اور کاشتکار آنسو بہاتے اور آہ و زاری کرتے نظر آتے ہیں۔

متاثرین بابرحسین ،محمدیاسین، محمدارشد،محمداکمل، قیصرمحمود ،محمدامجد ،محرم علی ودیگر ایک سو سے زائد کسانوں نے میڈیا کو بتایاکہ بھارت نے اپنی حدودمیں راوی کنارے حد نگاہ تک بڑے بڑے سٹون سپر بنا لیے ہیں جو پاکستانی علاقہ سے واضح نظر آتے ہیںجس کے باعث دریائے راوی اور ایم آرلنک کی تندوتیز لہریںسونااگلتے زرخیر ترین زرعی رقبہ کو تیز ی سے نگل رہی ہیں اور چند ماہ میںپانچ سو سے زائد ایکڑ رقبہ راوی کی نذرہوچکاہے دن رات کٹائو کے اس خوفناک عمل سے سرسبز باغات لہراتے کھیت لمحوںمیں صفحہ ہستی سے مٹ رہے ہیں روزانہ تین کلو میٹر طویل پٹی کا کٹائو جار ی ہے اور 20تا25ایکڑ رقبہ صفحہ ہستی سے مٹ رہاہے اور یہ بڑی افسوسناک اور سنگین صورتحال ہے اور ہنگامی بنیادوں پر کٹائو کے عمل کو نہ روکاگیا تو آبادیوں کوبھی خطرات لاحق ہوسکتے ہیں متاثرین نے روتے ہوئے بتایاکہ ہماراواحد ذریعہ معاش کھیتی باڑی ہے اگر زرعی رقبہ راوی کی نذرہوگیا تو درجنوں خاندان فاقہ کشی اور بیروز گاری کاشکا رہوجائیںگے اور یہ درجنوں خاندانوں کا معاشی قتل ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حکومت اورمحکمہ انہار کوبارہا درخواستیں دی گئی لیکن آج تک کوئی شنوائی نہیں ہوئی اب صورتحال کی سنگینی کے پیش نظرکسانوں کی نیندیں بھی اڑگئی ہیںاورحکومت کی جانب سے تاحال کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کیئے جارہے ۔انہوںنے وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف اور محکمہ انہارکے چیف انجینئر سے دردمندانہ مطالبہ کیاہے کہ پسیانوالہ کے قریب سٹون سپر بناکر ہنگامی بنیادوں پرکٹائو کے عمل کو روکا جائے ۔