اعلٰی تعلیمی کمیشن نے ڈگریوں کی تصدیق کے لئے محفوظ اور تیز ترین آن لائن سسٹم کا آغاز کر دیا

ہفتہ 17 جون 2017 15:53

اعلٰی تعلیمی کمیشن نے ڈگریوں کی تصدیق کے لئے محفوظ اور تیز ترین آن ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2017ء) اعلٰی تعلیمی کمیشن نے ڈگریوں کی تصدیق کے لئے مکمل طور پر محفوظ اور تیز ترین آن لائن سسٹم کا آغاز کر دیا ہے جس کے ذریعے درخواست گزار گھر بیٹھے ڈگریوں کی تصدیق کے لئے درخواستیں جمع کرا سکیں گے ۔ ایچ ای سی نے تصدیقی عمل کیلئے ایک نیا پورٹل تیار کیا ہے جو کہ درخواست گزار آن لائن رجسٹریشن اور آن لائن اکائونٹ بنانے کے لئے استعمال کر سکیں گے اور جس کے ذریعے وہ اپنی آسانی کے دن کا تعین کر کے ایچ ای سی سیکرٹریٹ یا علاقائی دفاتر جا کر اپنی ڈگریوں کی تصدیق کرا سکیں گے۔

اس نظام کے تحت درخواست گزار آن لائن درخواست فارم بھریں گے اور اپنے اسکین کردہ دستاویزات اًپ لوڈ کریں گے۔ ابتدائی طور پر ایچ ای سی درخواست کو جانچے گا اور پھر درخواست دہندہ کو موبائل میسج اور ای میل کے ذریعے ایچ ای سی سیکرٹریٹ یا علاقائی دفاتر آنے کے لئے وقت متعین کرنے کا کہا جائے گا۔

(جاری ہے)

طے شدہ تاریخ اور وقت پر درخواست گزار کو اپنی اصل دستاویزات بمع دستاویزات کی کاپی لے کرایچ ای سی کے اسلام آباد، کراچی، لاہور ، پشاور یا کوئٹہ میں موجود دفتر آنا ہو گا اور کچھ ہی انتظار کے بعد تصدیق شدہ ڈگریاں اُن کے حوالے کر دی جائیں گی۔

اگر درخواست گزار اپنی طرف سے کسی اور شخص کو ایچ ای سی بھیجے تو اس صورت میں مذکورہ شخص کے پاس درخواست گزار کا اتھارٹی لیٹر ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ کورئیر کے ذریعے بھی ڈگریاں تصدیق کے لئے بھیجی جا سکتی ہیں۔ اس صورت میں درخواست گزار اپنی تمام دستاویزات اور فیس کورئیر کمپنی کے حوالے کرے گا۔ کورئیر کمپنی کی تفصیلات پورٹل پر دی گئی ہیں۔

پی ایچ ڈی درخواست گزاران کے لئے تصدیقی عمل د و مراحل پر مشتمل ہے۔ پی ایچ ڈی درخواست گزاران کو ڈیش بورڈ سے پی ایچ ڈی کنٹری ڈائریکٹری(پی سی ڈی) میں لے جایا جائے گااور سسٹم مہیا کردہ شناختی کارڈ یا ای میل کی بنیاد پر ایچ ای سی پی سی ڈی ڈیٹابیس تلاش کرے گا۔ پھر درخواست گزار اپنا پی سی ڈی سیریل نمبر لکھے گا اور ڈاٹا فارم کو پُر کرے گاجس پر ایچ ای سی ریکارڈ کی تصدیق کرے گا۔ درخواست گزار مقررہ تاریخ پر ایچ ای سی نہ آسکیں تو وہ دوبارہ آنے کے وقت کا بھی تعین کر سکتے ہیں۔ نئے نظام میں درخواست گزار اپنی آن لائن درخواست کو دوبارہ بھی دیکھ سکتے ہیں۔