باجرہ کی کاشت کا موزوں وقت شروع جولائی تا وسط جولائی ہے،ترجمان محکمہ زراعت

ہفتہ 17 جون 2017 17:20

باجرہ کی کاشت کا موزوں وقت شروع جولائی تا وسط جولائی ہے،ترجمان محکمہ ..
راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2017ء) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان نے کہا ہے کہ بارانی علاقوں میں باجرہ کی کاشت کا موزوں وقت شروع جولائی سے لے کر وسط جولائی تک ہے ۔ترجمان نے کہاکہ باجرہ کی فصل سوائے کلراٹھی اور سیم زدہ زمینوں کے ہر قسم کی زمین پر کاشت کیا جا سکتا ہے البتہ اچھے نکاس والی ہلکی میرا زمین اس کی کاشت کیلئے نہایت موزوں ہے۔

(جاری ہے)

اگر پچھلی فصل پرمٹی پلٹنے والا ہل نہ چلایا گیا ہو تو ایک دفعہ مٹی پلٹنے والا ہل اور دو دفعہ کلٹیویٹر بمعہ چلا کر زمین کو نرم اور بھربھرا کر لیا جائے۔ بوائی سے پہلے دو بوری نائٹروفاس کھاد زمین کی تیاری کے وقت ڈالی جائے۔ باجرہ کی ترقی دادہ اقسام ایم بی 87-، بی وائی 18- اور سرگودھا باجرہ 2011 کاشت کریں۔ یہ اقسام اناج اور غلے کیلئے یکساں مفید ہیں۔ چارہ کی فصل کیلئے شرح بیج4 سے 6 کلوگرام فی ایکڑ اور اناج کی فصل کیلئے 2 سے 3 کلوگرام فی ایکڑ استعمال کریں۔