جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانے کی حکومتی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں:صاحبزادہ حامد رضا

پیر 3 جولائی 2017 23:51

جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانے کی حکومتی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں:صاحبزادہ ..
ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2017ء) سنی اتحاد کونسل کے چیئر مین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اس بار ستمبرنہیں جولائی ستمگر ثابت ہوگا۔ کرپٹ حکمران عیدقربان جیل میںمنائیں گے۔ جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانے کی حکومتی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔وزراء بھارت کی بجائے جے آئی ٹی کے خلاف بیان بازی میں مصروف ہیں۔پاناما کیس اور حکمران خاندان کی سیاست کا منطقی انجام قریب ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جمعیت علماء پاکستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ جمہوریت صرف حکومت کے مدت پوری کرنے کا نام نہیں۔ جمہوریت کو نہیں شریف خاندان کی بادشاہت کو خطرہ ہے۔ امام اور نظام تبدیل ہونے والا ہے۔ نظام زرو ظلم کا خاتمہ کئے بغیر عوام کا مقدر تبدیل نہیں ہوسکتا ۔

(جاری ہے)

چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے مزید کہا کہ پارا چنار کے مظلومین کو انصاف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

سول ادارے دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں اپنے حصے کا کردارادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ فرقہ پرست دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو حکومتی سرپرستی حاصل ہے۔ اہل حق دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خلاف جدوجہد کرتے رہیں گے۔ پاک فوج کے ساتھ عوام کا محبت کا رشتہ ختم نہیں کیا جا سکتا۔ پاک فوج کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے والے بھارت کے تنخواہ دار ایجنٹ ہیں۔