محکمہ تعلیم میں تمام بھرتیاں میرٹ پر کی گئی ہیں، صوبائی وزیر جام مہتاب حسین ڈھر

ہفتہ 15 جولائی 2017 22:21

محکمہ تعلیم میں تمام بھرتیاں میرٹ پر کی گئی ہیں، صوبائی وزیر جام مہتاب ..
سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2017ء) سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم میں تمام بھرتیاں میرٹ پر کی گئی ہیں جبکہ بہت جلد مزید ہیڈ ماسٹرز و اساتذہ اہلیت کے معیار پر مقرر کیے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل اوباوڑو میں گورنمینٹ بوائز اسکول میر خان رند، گورنمنٹ پرائمری اسکول غلام حسین سولنگی اور 33 لاکھ کی لاگت سے لشکراں محلے کی فرشبندی کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ سمیت محکمہ تعلیم کے افسران و عام لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی ہے تاکہ ہنگامی بنیادوں پر تعلیم کو بہتر کیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کام کر رہا ہے سندھ بھر سے ہزاروں بند اسکولوں کو فعال بنایا گیا ہے اس کے علاوہ سندھ کے مختلف شہروں و دیہات میں نئے کالج اور اسکول بنا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے گوسٹ ملازمین و اساتذہ کی وجہ سے تعلیم کو نقصان ہورہا تھا جس وجہ سے سندھ بھر میں بائیو میٹرک نظام لاگو کرکے مانیٹرنگ کرنے کے لیے ملازم بھرتی کیے گئے تاکہ تمام اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنایا جاسکے کیوںکہ جب تک اساتذہ سچائی و ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام نہیں دیں گے تب تک تعلیمی معیار بہتر نہیں ہوسکتا اس لیے اساتذہ کو چاہیے کہ وہ قوم کے بچوں کا مستقبل روشن کرنے کی خاطر اپنا کردار ادا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کا دارو مدار بہتر تعلیم پر ہے اس لیے عوام چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو پڑہائیں اس حوالے سے حکومت سندھ نے انٹر تک تمام فیس ختم کردی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ غریب بچے تعلیم حاصل کر سکیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ زمانہ گیا جب اساتذہ گھر بیٹھ کر تنخواہیں لیتے تھے اب ایسا ہرگز نہیں ہوگا ، ایسے ملازمین کی محکمہ تعلیم کو کوئی ضرورت نہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گھوٹکی سید اعجاز علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ تعلیم کی بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اس لیے عوام کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو پڑھا کر حکومت سندھ و ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں کیوںکہ عوام کے تعاون کے بغیر کامیابی حاصل نہیں کی جاسکتی

متعلقہ عنوان :