کپاس کو محفوظ بنانے کے لئے نجی شعبہ سے تعاون کے حصول کا فیصلہ

جمعہ 18 اگست 2017 18:30

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء)محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کو سفید مکھی اور دیگر کیڑوں سے محفوظ بنانے کے لئے نجی شعبہ سے تعاون کے حصول کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی شعبے کے تعاون سے جدید تکنیکی تدابیر اور تحقیقات پر مبنی لائحہ عمل کو اپناتے ہوئے کپاس کو مہلک کیڑوں سے بچانے کے لئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے محکمہ زراعت اور نجی شعبے کے درمیان ہونے والی نشست میں طے پایا ہے کہ کسان کی کپاس کو خطرناک کیڑوں سے محفوظ بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے اور اسے اس کی محنت کا ثمر دلانے کے لئے ہر سطح پر اقدامات کئے جائیں گے۔

اس اجلاس میں پاکستان کراپ پروٹیکشن ایسوسی ایشن کے نمائندے ڈاکٹر شکیل احمد، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کراپ لائف پاکستان ڈاکٹر محمد افضل محکمہ زراعت کے چوہدری خالد محمود، ڈاکٹر ریاض حسین اور دیگر نے شرکت کی۔ نجی شعبے نے اجلاس کو بتایاکہ سفید مکھی پر قابو پانے کے لئے ان کے پاس وافر مقدار میں کیمیکل موجود ہے۔ ضرورت پڑنے پر اس کیمیکل کو موثر انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ کپاس کے علاوہ دوسری زرعی فصلات کو بھی سفید مکھی سے محفوظ بنایا جائے گا تاکہ کپاس پر سفید مکھی کا حملہ بڑھ نہ سکے۔