این اے 120،پی ٹی آئی کے کارکن آتش بازی کا مظاہرہ کرنے میں بازی لے گئے ، اہل علاقہ شدید مشکلات کا شکار

صفانوالہ چوک سے ملحقہ انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر آتش بازی کے باعث لوگ احتجاجاً گھروں سے باہر نکل آئے

ہفتہ 9 ستمبر 2017 22:26

این اے 120،پی ٹی آئی کے کارکن آتش بازی کا مظاہرہ کرنے میں بازی لے گئے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2017ء) حلقہ این اے 120کاضمنی انتخاب لڑنے والی (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے وقفے وقفے سے آتش بازی کے مظاہرے نے حلقے کی عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ،صفانوالہ چوک سے ملحقہ پی ٹی آئی کے انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر کارکنوں کی شدید آتش بازی کے باعث اہل علاقہ احتجاجاً گھروں سے باہر نکل آئے ۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے این اے 120کے حلقے میں انتخابی شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد سے سیاسی جماعتوں نے اپنی سر گرمیاں شروع کر دی تھیں تاہم 17ستمبر کا دن قریب آنے کے باعث ان میں مزید تیزی آ گئی ہے ۔ پی ٹی آئی ،(ن) لیگ ،پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کی طرف سے جگہ جگہ انتخابی دفاتر کھولے گئے ہیں جہاں پر شور شرابے کے باعث اہل علاقہ شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پی ٹی آئی کے کارکن آتش بازی کا مظاہرہ کرنے میں سب جماعتوں پر بازی لے گئے ہیں ۔ گزشتہ روز صفانوالہ چوک سے ملحقہ دفتر کے افتتاح کے مو قع پر شدید آتش بازی کی گئی اور یہ سلسلہ رات تک جاری رہا جس سے اہل علاقہ احتجاجاً گھروںسے باہر نکل آئے لیکن اس کے باوجود پی ٹی آئی کے کارکنوں پر اس احتجاج کا کوئی اثر نہ ہوا۔اس ساری صورتحال پر پولیس خاموش تماشائی بنی رہی ۔

متعلقہ عنوان :