زیتون کے پھل کی خریداری کیلئے مختلف مقامات پرخرید اری مراکز قائم

پیر 11 ستمبر 2017 15:33

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2017ء)محکمہ زراعت نے زیتون کے پھل کی خریداری کیلئے مختلف مقامات پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت خرید اری مراکز قائم کر دیئے ہیں اور خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر زیتون کے کاشتکاروں کے مالی استحکام کیلئے زیتون کے پھل کی خریداری کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ابتدائی طور پر اس ضمن میں بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال کی جانب سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے اشتراک سے چکوال، فتح جنگ اور اٹک میں زیتون کے پھل کی خریداری کیلئے مراکز قائم کئے گئے ہیں، جہاں زیتون کے کاشتکار بغیر کسی دشواری کے زیتون کا پھل فروخت کر سکتے ہیں، محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ ان خریداری مراکز کے قیام سے نہ صرف زیتون کے کاشتکاروں کو اپنی محنت کا بھرپور معاوضہ ملے گا بلکہ آئندہ زیتون کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا، ترجمان نے مزید بتایا کہ ان خریداری مراکز پر زیتون کے پھل کی ترسیل کیلئے خصوصی ٹوکریاں بھی دستاب ہیں جس سے پھل آلودگی اور ضائع ہونے سے بچ جاتا ہے، انہوںنے کہا کہ زیتون کے کاشتکار زیادہ سے زیادہ منافع کیلئے موٹا اور باریک پھل علیحدہ علیحدہ لے کر آئیں۔