فیصل ۱ٓباد میں عشرہ محرم کے دوران مجموعی طور پر 443جلوس اور 1281مجالس منعقد ہوں گی

اتوار 17 ستمبر 2017 15:20

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2017ء) فیصل ۱ٓباد میںمیں عشرہ محرم کے دوران مجموعی طور پر 443جلوس نکالے جائیں گے اور 1281مجالس منعقد ہوں گی جن کی حفاظت کیلئے سیکورٹی سٹاف کی تعیناتی کا پلان مرتب کرلیا گیا ہے جبکہ جلوسوں کے راستوں پر واقع گھروں،دکانوں اورمارکیٹیوں کی سرچ کے علاوہ چھتوں پر بھی سکیورٹی سٹاف مامور ہوگانیزضلع میں محرم الحرام پرسکون اور امن وامان سے گزارنے کیلئے تمام تر حفاظتی وانتظامی اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور ممکنہ مذہبی مسائل کو بھی پیشگی بنیادوں پر حل کرلیاگیاہے ۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے اپنے دفتر میں بریگیڈیئر عمر کی سربراہی میں فوجی افسران کی ٹیم کو محرم انتظامات کے بارے بریفنگ کے دوران بتائی جس میںسی پی او افضال احمد کوثر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)خالد مسعود فروکہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے آرمی افسران کی ٹیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں محرم جلوسوں و مجالس کی حساسیت کا تعین کرکے ان کی درجہ بندی کرلی گئی ہے جس کے مطابق ضروری حفاظتی وانتظامی امورکیلئے لائحہ عمل تیارکرلیا گیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ تمام مکاتب فکر کی یکساں نمائندگی پر مشتمل ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد کرکے محرم الحرام کے انتظامات کے بارے میں مشاورت اور تجاویز حاصل کی گئی ہیں اورضلع وتحصیل اور امن کمیٹیز کے اراکین سے قریبی رابطے میں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر کنٹرول رومز ہمہ وقت کام کریں گے تاکہ محرم انتظامات کی نگرانی کے علاوہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں مختلف محکموں کی طرف سے فوری رد عمل کامظاہرہ کیاجاسکے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سابقہ ریکارڈ کے مطابق متنازعہ تقاریر کرنے والے علماء کرام وذاکرین کی زبان بندی اور ضلع بندی کے احکامات بھی جاری کئے جارہے ہیں تاکہ مذہبی کشیدگی کا احتمال نہ ہو۔انہوں نے بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں بطریق احسن امدادی کارروائیوں کیلئے محکمانہ استعداد کاجائزہ لیکر ضروری مشینری،آلات اوردیگر مسائل کا بندوبست کیا گیا ہے جبکہ سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسی میڈیکل سروسز اورریسکیو1122اوردیگرایمرجنسی اداروں کو فعال رکھنے کے لئے ذمہ داریوں کا ادراک کرانے کے علاوہ متعلقہ محکمے مجالس وجلوسوں کے مقامات کی صفائی ستھرائی،سڑکوں کی تعمیرومرمت،تجاوزات کے خاتمے،پینے کے پانی اور لائٹنگ کابندوبست کرنے کے پابند بنائے گئے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ قابل اعتراض وال چاکنگ،مذہبی منافرت پرمبنی بینزر،پمفلٹس یادیگر مواد کی تقسیم پر مکمل پابندی عائد ہے جس پرعملدرآمد کیلئے کڑی نگرانی کی جارہی ہے ۔سی پی او افضال احمد کوثر نے بتایا کہ ضلع بھر میں عشرہ محرم کے دوران مجموعی طور پر 443جلوس اور 1281مجالس منعقد ہوں گی جن کی حفاظت کے لئے سیکورٹی سٹاف کی تعیناتی کا پلان مرتب کیا گیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ جلوسوں کے راستوں پر واقع گھروں،دکانوں اورمارکیٹیوں کی سرچ کے علاوہ چھتوں پر بھی سیکورٹی سٹاف مامور ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کرایہ داروں کی انکوائری کرنے کے علاوہ ہوٹلز،سرائے اور پرائیویٹ ہوسٹلز کی سرچ اورمشتبہ افراد کے کوائف چیک کرنے کے اقدامات پر عملدرآمد جاری ہے۔بریگیڈیئر عمر نے ضلعی انتظامیہ وضلعی پولیس کے محرم سیکورٹی وانتظامی پلان پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ عشرہ محرم کے دوران پاک آرمی کے دستے بھی ضلع میں موجود ہوں گے اور ضرورت پڑنے پر سول انتظامیہ کی بھرپورمعاونت کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :