حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کے تحت اہم فصلوں کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، محکمہ زراعت

جمعرات 5 اکتوبر 2017 14:46

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2017ء) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ 150 ارب روپے کی لاگت سے دور دراز علاقوں سے کسانوں کی منڈیوں تک رسائی کے لیے سڑکوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے جبکہ حکومت پنجاب کی کسان دوست پالیسیوں کے نتیجہ میں گذشتہ چند سالوں سے اہم فصلوں کی فی ایکٹر پیداوار میں نمایاں اضافہ ہواہے۔

انہوںنے کہاکہ زرعی ترقی اور کاشت کاروں کی خوشحالی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ کسان پیکج سے چھوٹے کاشتکاروں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فوری فراہمی سے ان کی حوصلہ افزائی ہوگی۔انہوںنے بتایاکہ پنجاب حکومت نے کسانوں کو 30ہزار سے زائدٹریکٹرفراہم کیے ہیں جن پر6ارب روپے سبسڈی دی گئی ہے۔انہوںنے بتایاکہ زرعی شعبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے اور پیداواریت میں اضافہ کے لیے زرعی مشینری پر ٹیکس میں واضح کمی کی گئی ہے اسی طرح بجلی کے زرعی بلوں پر فی یونٹ ریٹ میں کمی اور سبسڈی پرسولر ٹیوب ویلوں کی فراہمی سے کسانوں اور کاشتکاروں کو معاشی ریلیف ملا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہاکہ پنجاب حکومت ہر سطح پر کسانوں اور کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے انقلابی اقدامات کررہی ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ زراعت کے شعبہ کو مزید بہتر بنانے اور پیداواریت میں اضافہ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کوفروغ دیا جائے۔