پیرو کے خلاف میچ ڈرا ہونے کے بعد ارجنٹائن کے فٹبال ورلڈ کپ 2018 سے اخراج کا خدشہ

ہفتہ 7 اکتوبر 2017 12:34

بیونس آئرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2017ء) پیرو کے خلاف میچ ڈرا ہونے کے بعد ارجنٹائن کے فٹبال ورلڈ کپ 2018 سے اخراج کا خدشہ پیدا ہوگیا ،ْ کوالیفائنگ راؤنڈ میں ڈرا میچ کے سبب 2 مرتبہ کی عالمی چمپئن میسی الیون کو 48 سال بعد میگا ایونٹ میں شرکت سے محرومی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔بیونس آئرس میں کھیلے جانے والے میچ میں ارجنٹائن کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے تاہم کامیابی نہ مل سکی، دوسرے ہاف میں لیونل میسی کی ایک ہٹ گول پوسٹ سے ٹکرا کر واپس آ گئی۔

جنوبی امریکہ کے کوالیفائنگ رائونڈ کی ٹاپ 4 ٹیمیں ہی روس میں شیڈول ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی حاصل کر سکیں گی، ارجنٹائنی ٹیم چھٹے نمبر پر موجود ہے اور میگا ایونٹ تک براہ راست رسائی کی امیدوں کو زندہ رکھنے اور پانچویں پوزیشن پانے کیلیے ایکواڈور کے خلاف آخری میچ میں لازمی فتح درکار ہو گی جو پوائنٹس ٹیبل پر ساتویں پوزیشن حاصل کیے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

ماضی میں ایکواڈور اور ارجنٹائن کے مابین 3 کوالیفائنگ میچز ڈرا ہو چکے ہیں اور ایکواڈور کے دارالحکومت کیوٹو کے سطح سمندر سے 29 سو میٹر بلند ہونے کی وجہ سے مہمان ٹیم کی کارکردگی خراب رہی ہے۔ ارجنٹائن کی ٹیم اگر کامیاب ہو گئی تو اسے نیوزی لینڈ کے خلاف دو پلے آف میچز میں بھی کامیابی حاصل کرنا ہو گی۔ ارجنٹائنی کوچ جورگ سمپاؤلی نے کہا کہ موجودہ صورتحال ناسازگار ہے تاہم امیدہے کہ بھرپور محنت کرتے ہوئے میگا ایونٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ ارجنٹائن کی ٹیم آخری بار 1970 کے میگا ایونٹ سے آئوٹ ہوئی تھی۔

متعلقہ عنوان :