کاشتکار کپاس کی فصل کی ہلکی آبپاشی جاری رکھیں، تر جمان محکمہ زراعت

پیر 9 اکتوبر 2017 19:05

لاہور۔9 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2017ء)محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ پورے ہفتہ کے دوران گرمی کی شدت برقرار رہے گی لہٰذا کاشتکار کپاس کی فصل کی ہلکی آبپاشی جاری رکھیں ، ترجمان کے مطابق اس مرحلہ پر فصل پر ٹینڈے زیادہ تعداد میں بن رہے ہیں اور ٹینڈوں کی بڑھوتری کا عمل بھی جاری ہے لہذا ٹینڈوں کے مناسب سائز کے حصول کیلئے فصل کو پانی کی کمی ہرگز نہ آنے دیں، گرمی کی شدت میں اضافہ کی وجہ سے اس مرحلہ پر سفید مکھی اور گلابی سنڈی کے حملہ کے امکانات بڑھنے کا خدشہ ہے، گلابی سنڈی کی مانیٹرنگ کیلئے لگائے گئے جنسی پھندوں میں پروانوں کی تعداد میں اضافہ مشاہدہ میں آرہا ہے لہٰذا کاشتکار اس فصل اور آئندہ سال کی فصل کو گلابی سنڈی کے حملہ سے محفوظ رکھنے کیلئے 8دن کے وقفہ سے دو متواتر سپرے کریں اور سفید مکھی کے تدارک کیلئے بھی ایک سپرے ضرور کریں، ترجمان نے کہا ہے کہ گلابی سنڈی کی وجہ سے پھٹی کی کوالٹی بری طرح متاثر اور اس کی قیمت بھی بہت کم لگتی ہے۔