علماء اور مذہبی سکالرفیملی پلاننگ سے متعلق فرسودہ رویوں کے تدارک کیلئے کوشاں ہیں ، مختار احمد بھرت

منگل 10 اکتوبر 2017 16:44

لاہور۔10 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2017ء)صوبائی وزیر بہبود آبادی مختار احمد بھرت نے کہا ہے کہ فیملی پلاننگ اور ماں بچے کی صحت سے متعلق آگاہی پروگرام کی کامیابی کے لیے عوامی رابطہ کے عمل کو مزید بہترکرنے کے لیے پبلک اویرنس کمپین کو جدید نہج پر استوار کیا گیا ہے، اس ضمن میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر خاندانی معاشی مسائل ،اسلامی نقطہ نظر اور ماں بچے کی ذہنی وجسمانی صحت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے بہبود آبادی کے پیغامات کی تشہیر و اشاعت کو یقینی بنا یا جایا رہا ہے، اس سلسلے میں اخبارات اور ٹی وی پر اشتہارات دئیے جارہے ہیں لیکن پسماندہ علاقوں میں جہاں شرح خواندگی کم ہے اور بنیادی سہولیات کی کمی ہے میں کمیونٹی بیسڈ ورکرز اور آئوٹ ریچ ورکرز لوگوں کو بہبود آبادی سے متعلق معلومات اور خدمات فراہم کر رہے ہیں، بہبود آبادی سے منسلک علماء اور مذہبی سکالر اسلامی تعلیمات کے تحت عوام کے مختلف طبقات تک فیملی پلاننگ سے متعلق فرسودہ رویوں کے تدارک کے لیے کوشاں ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار یہاں صوبائی وزیر نے پاپولیشن ویلفیئر پنجاب کے سیکرٹریٹ میں پبلک اویرنس کمپین سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی آبادی اور وسائل میں مطابقت پر منحصر ہے اس لیے ہر ایک کو اپنی اپنی کمیونٹی میں ان تمام پہلوئوں بارے شعور و آگاہی دینے کی از حد ضرورت ہے کیونکہ بڑھتی ہوئی آبادی اب کسی کنبہ یا خاص طبقے کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ قومی مسئلہ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے ۔اس مو قع پر سیکرٹری بہبود آبادی پنجاب ڈاکٹر عصمت طاہرہ ، ڈائریکٹر جنرل بہبود آبادی پنجاب نعیم الدین راٹھور اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔