اتحاد ایئر ویز کی جانب سے آذربائیجان کیلئے پروازیں شروع کرنے کا اعلان

نیا روٹ آذربائیجان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پروازوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کیلئے نیا روٹ متعارف کرایا جا رہا ہے

بدھ 11 اکتوبر 2017 18:43

اتحاد ایئر ویز کی جانب سے آذربائیجان کیلئے پروازیں شروع کرنے کا اعلان
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2017ء) اتحاد ایئر ویز نے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی اور جمہوریہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے درمیان 2 مارچ 2018ء سے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نیا روٹ آذربائیجان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پروازوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لئے نیا روٹ متعارف کرایا جا رہا ہے۔

یہ سروس ہفتہ میں تین مرتبہ چلائی جائے گی جس میں 136 سیٹوں کی حامل ایئر بس اے 320 استعمال ہوگی جس میں 16 سیٹیں بزنس کلاس اور 120 سیٹیں اکانومی کلاس کیلئے ہوں گی۔ آذربائیجان نے نومبر 2015ء میں متحدہ عرب امارات کے شہریوں کے لئے ویزا استثنیٰ کا پروگرام متعارف کرایا تھا جسے بعد ازاں 2016ء کے اوائل میں دیگر جی سی سی ممالک تک توسیع دی گئی۔

(جاری ہے)

اس سے پورے خلیجی خطہ سے یورپ اور ایشیا کے سنگم پر واقع ابھرتے ہوئے سیاحتی مقامات کی جانب سفر کرنے والے کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور اس سے قدرتی سیاحتی مقامات اور صدیوں پرانی ثقافت تک رسائی ملی ہے۔

باکو ملک کا ابتدائی گیٹ وے اور تجارتی مرکز ہے۔ اتحاد ایئر ویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پیٹر بام گارٹنر نے کہا کہ دونوں دارالحکومتوں کے درمیان پہلی فضائی راہداری کا قیام متحدہ عرب امارات اور آذربائیجان کے درمیان تجارت، سیاحت اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ گلوبل نیٹ ورک پر اتحاد ایئر ویز کی نئی منزل ابوظہبی کو براہ راست پروازوں اور دنیا کے دیگر حصوں کے ساتھ رابطوں کو آگے بڑھانے کی خواہاں ابھرتی ہوئی مارکیٹوں کے ساتھ منسلک کرنے کے ہمارے عزم کی بھی عکاس ہے۔

متحدہ عرب امارات اور ہمسایہ خلیجی ریاستوں سے آذربائیجان کو آمدورفت میں حالیہ اضافے کی بنیاد پر ہم پرامید ہیں کہ نئے روٹ سے یو اے ای سے ٹریفک کو فروغ ملے گا اور اس کے بدلے ہم اپنی پروازوں پر آذربائیجان کے شہریوں کی ابوظہبی اور اس سے آگے آمد کے منتظر ہیں۔ 2016ء کے پہلے نو ماہ کے دوران مجموعی طور پر 1.7 ملین غیر ملکی سیاحوں نے آذربائیجان کا دورہ کیا۔

ویزا کی شرائط میں نرمی کے باعث متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک سے سیاحوں کی تعداد 2015ء میں اسی عرصہ کے دوران 30 گنا بڑھی۔ قبل ازیں اس سال یو اے ای۔ آذربائیجان جوائنٹ اکنامک کمیٹی نے کہا کہ دونوں ممالک 9 اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں جن میں ایئر ٹرانسپورٹ، سیاحت، مواصلات، ماحولیات، پانی، زراعت، قابل تجدید توانائی، جدید ٹیکنالوجی و صنعت شامل ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان 2015ء میں تیل کے علاوہ تجارت 605 امریکی ڈالر سے بڑھی جبکہ 2016ء کے پہلے نو ماہ میں یہ 228 امریکی ڈالر تک بڑھی۔ اتحاد ایئر ویز کی نئی پروازیں بدھ، جمعہ اور ہفتہ کو چلیں گی جس سے ابوظہبی اور باکو میں مسافروں کو آمد اور روانگی کے لئے زیادہ سے زیادہ وقت میسر ہوگا۔ یہ شیڈول ایئر لائنز کے عالمی نیٹ ورک سے رابطوں میں بھی آسانی فراہم کرے گا۔

فلائیٹ شیڈول کے مطابق فلائیٹ نمبر EY297 ابوظہبی سے 10:10 بجے روانہ ہوگی جو 13:15 بجے باکو پہنچے گی۔ اس فلائیٹ میں A320 ایئر بس استعمال کی جائے گی جو بدھ، جمعہ اور ہفتہ کو پرواز کرے گی۔ اسی طرح فلائیٹ نمبر EY298 بھی بدھ، جمعہ اور ہفتہ کو پرواز کرے گی جو باکو سے 16:30 بجے روانہ ہوگی اور 19:25 پر ابوظہبی پہنچے گی۔ اس میں بھی اے 320 ایئر بس استعمال ہوگی۔

متعلقہ عنوان :