متحدہ عرب امارات کا ایران کے حوالے سے نئی امریکی پالیسی کی مکمل حمایت کا اعلان

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 14:56

متحدہ عرب امارات کا ایران کے حوالے سے نئی امریکی پالیسی کی مکمل حمایت ..
ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 اکتوبر2017ء) متحدہ عرب امارات نے ایران کے حوالے سے نئی امریکی پالیسی کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران خطے اور پوری دنیا میں دہشت گردی پھیلانے کا ذمہ دار ہے، ایران کی دہشت گردی کی حمایت پر مبنی پالیسیاں امن عالم کے لیے خطرہ ہیں۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق ابو ظہبی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی پالیسیاں خطے میں امن استحکام کو تباہ کررہی ہیں۔

تہران دنیا بھر میں دہشت گردوں کی معاونت اور مدد کررہا ہے جس کے نتیجے میں انتہا پسندی میں اضافہ ہو رہا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ امارات امریکا اور دیگر دوست ممالک کے ساتھ مل کر خطے کو درپیش ایرانی خطرات سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

(جاری ہے)

امارات کی سرکاری پریس ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خطے کے امن کو تباہ کرنے والی ایرانی پالیسیوں کے خلاف نئی حکمت عملی کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران عالمی برادری کے ساتھ معاہدوں کے باوجود خطے میں دہشت گردی اور افراتفری پھیلانے کی سازشوں کا مرتکب ہے۔ ایران نے اپنے متنازع ایٹمی پروگرام پر طے پائے معاہدے کو غیر ذمہ دارانہ اقدامات اور توسیع پسندانہ پالیسیوں کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال کیا۔خیال رہے کہ جمعہ کے روز امریکی وزارت خزانہ نے صدرٹرمپ کی ہدایت پر ایرانی پاسداران انقلاب کو بلیک لسٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔