راجر فیڈرر فتوحات برقرار رکھتے ہوئے اے ٹی پی فائنلز مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے

بدھ 15 نومبر 2017 17:53

راجر فیڈرر فتوحات برقرار رکھتے ہوئے اے ٹی پی فائنلز مینز سنگلز سیمی ..
لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2017ء) چھ مرتبہ کے چیمپئن راجر فیڈرر فتوحات برقرار رکھتے ہوئے سیزن کے اختتامی ٹینس ٹورنامنٹ اے ٹی پی فائنلز مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے، فیڈرر نے اپنے دوسرے گروپ میچ میں حریف جرمن کھلاڑی الیگزینڈر زیوریف کو ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی سمیٹی اور اس کے ساتھ ہی لاسٹ فور کا ٹکٹ بھی کٹوا لیا، امریکہ کے جیک ساک نے مرین کلک کو شکست دی۔

(جاری ہے)

لندن میں جاری سیزن کے اختتامی ٹورنامنٹ کے سلسلے میں کھیلے گئے میچ میں شہرہ آفاق سوئس سٹار اور ریکارڈ انیس مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن راجر فیڈرر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف جرمن کھلاڑی الیگزینڈر زیوریف کو 7-6، (8-6)، 5-7 اور 6-1 سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی، اس فتح کے ساتھ ہی فیڈرر نے سیمی فائنل کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا، انہوں نے پہلے میچ میں امریکہ کے جیک ساک کو شکست دی تھی، ایک اور میچ میں امریکہ کے جیک ساک نے مرین کلک کو ہرا کر کامیابی سمیٹی، اس گروپ سے دوسرے سیمی فائنلسٹ کھلاڑی کا فیصلہ جیک ساک اور الیگزینڈر زیوریف کے درمیان میچ میں ہو گا۔