ضلعی انتظامیہ نے عوامی تحریک کی درخواست مسترد کردی‘مال روڈ پر جلسے کی تیاریاں جاری-پنجاب حکومت کی جلسہ ناصرباغ میں منتقل کرنے کی پیشکش

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 16 جنوری 2018 18:25

ضلعی انتظامیہ نے عوامی تحریک کی درخواست مسترد کردی‘مال روڈ پر جلسے ..
 لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 جنوری۔2018ء) پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کی مصروف ترین شاہراہ مال روڈ پرپاکستان عوامی تحریک کی تحریک قصاص کے تحت مال روڈ پراحتجاج کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے جلسے کی درخواست مسترد کردی ہے۔پاکستان عوامی تحریک کی تحریک قصاص کے تحت احتجاج کی تیاریاں زوروشورسے جاری ہیں۔

مال روڈ کوجلسے کے پنڈال کی شکل دی جا رہی ہے، جلسہ گاہ میں 6 بڑی ایل ای ڈیز لگائی جائیں گی، روشنی کے انتظامات کے لئے 400 لائٹنگ پول اور سینکڑوں اسپیکرز لگائے جا رہے ہیں۔جلسے کا مرکزی اسٹیج چیئرنگ کراس پرپنجاب اسمبلی کے سامنے اور آخری سراسٹیٹ بینک کے سامنے ہوگا، چیئرنگ کراس چوک پر 80 فٹ لمبا مرکزی اسٹیج بنانے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔

(جاری ہے)

جلسہ گاہ میں داخلے کے لئے 5 راستے بنائے جا رہے ہیں، خواتین کا داخلے کا راستہ شاہراہ فاطمہ جناح روڈ پر سی سی پی او آفس کی جانب سے ہوگا جب کہ مردوں کو جلسہ گاہ میں داخلے کے لئے سٹیٹ بنک کی جانب سے آنا ہوگا۔ طاہرالقادری اپنے بلٹ پروف کنٹینر میں کارکنوں کے ہمراہ جلسہ گاہ پہنچیں گے، سینئر سیاسی قیادت کے لئے ایجرٹن روڈ سے راستہ رکھا گیا ہے اور وہ گورنرہاﺅس سے سیدھا مرکزی اسٹیج کے عقب سے داخل ہوں گے جب کہ میڈیا کا داخلہ کوپر روڈ کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے مرکزی دروازے سے ہوگا۔

دوسری جانب ضلعی حکومت کی جانب سے پاکستان عوامی تحریک کو مال روڈ پر جلسے کی اجازت نہیں ملی، ڈپٹی کمشنر نے عوامی تحریک کی جلسے کی درخواست مسترد کردی ہے۔ ڈپٹی کمشنرلاہورکا موقف ہے کہ مال روڈ پردفعہ 144 نافذ ہے، اس لئے یہاں جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ لاہور میں مال روڈ اور اردگرد کے تمام تعلیمی ادرے کل بند رہیں گے۔ محکمہ سکولز پنجاب نے متحدہ اپوزیشن کے جلسہ کے باعث کل 6 سکولز بند کرنیکا حکم دیا ہے۔

بند ہونے والے سکولز میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول گورنر ہاﺅس اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول گورنر ہاﺅس شامل ہیں۔ اسلامیہ خزانہ گیٹ فاطمہ گرلز سکول اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شاہراہ ایوان تجارت بھی کل بند رہے گا۔ سیکرٹری سکولز ڈاکٹر اللہ بخش ملک کے مطابق، جب تک مال روڑ پر احتجاج یا جلسہ رہیگا اس وقت تک سکولز بند رہیں گے۔ادھر پنجاب حکومت نے ڈاکٹر طاہرالقادری کو ایک بار پھر ناصر باغ میں احتجاج کرنے کا مشورہ دیدیا۔

ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان، صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر اور صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آگاہ کیاکہ مال روڈ پر احتجاج کے حوالے سے تھریٹ الرٹ موجود ہے۔ فارماسسٹس کے احتجاج میں بھی مال روڈ پر دھماکہ ہوگیا تھا۔مال روڈ پر احتجاج سے کاروبار اور تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوں گی‘ جب معاملہ عدالت میں ہے تو احتجاج کا کیا جواز ہے؟ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ پورا لاہور چیئرنگ کراس دھرنے کو مسترد کرچکا، اپوزیشن جماعتیں مال روڈ پر احتجاج نہ کریں۔

ملک محمد احمد خان نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر جے آئی ٹی طاہرالقادری کی مشاورت سے بنی تھی لیکن انہوں نے اس پر بھی عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔ انہوں نے احتجاج کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج آپ کا حق ہے ، رکاوٹ نہیں ڈالی لیکن اسے پر امن رکھا جائے۔اس موقع پر رانامشہود احمد خان نے کہاکہ پورے لاہور نے اس احتجاج کو مسترد کر دیاتاجر ہائیکورٹ میں دفعہ 144کی پاسداری کا مطالبہ کر رہے ہیں، اگر عوامی پراپرٹی کو نقصان پہنچایا گیاتو ذمہ دارکون ہوگا؟۔

طاہرالقادری جمہوری حق غیرجمہوری طریقے سے استعمال نہ کریں۔ خواجہ عمران نذیر نے پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ اسرائیلی وزیر اعظم انڈیا میں بیٹھا ہے ہمیں متحد ہونا ہوگا، ہم امریکہ کو”نومور“کہہ رہے ہیں، اس کیلئے بھی اتحاد ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر کسی نے احتجاج کرنا ہے تو ناصر باغ میں کریں۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے متاثرین کیساتھ ہمیں بھی ہمدردی ہے لیکن رانا ثناءاللہ کیخلاف کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائیں۔