ْمحکمہ زراعت کی جعلی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی 55افراد کے خلاف مقدمات درج

جمعرات 25 جنوری 2018 21:44

لاہور۔25جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2018ء) محکمہ زراعت نے جعلی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 55افراد کے خلاف کیسز رجسٹر کیے، 54کیسز کو عدالت میں بھجوایا گیا، 16افراد کو سزا سنائی گئی اور 21کو بری کر دیا گیا ، 17کیسز عدالت میں زیر التوا ہیں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) رائو امتیاز احمد کی زیر صدارت ایگریکلچر کے حوالے سے ا اجلاس ڈی سی آفس نادر ہال میں ہوا،اجلاس میں فرٹیلائزر اورواٹر مینجمنٹ کی مختلف سکیموں کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

بلاسود قرضوں کے اجراء کے لیے کسانوں کی رجسٹریشن کا جائزہ لیا گیااور زرعی مارکیٹنگ اور اجناس کے ریٹس پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) رائو امتیاز احمد نے زرعی لوازمات کے معیار اور ان کی فراہمی کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ سٹاک رجسٹریا کوالٹی معیارکے مطابق نہ ہونے کی صورت میں ڈیلرز کے خلاف کارروائی اور کورٹ کیسز دائرکیے جائیں۔ انہوں نے فصلوں کی مکمل مانیٹرنگ اور رجسٹر کسانوں کو سبسڈی دینے کی ہدایت کی ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ ادویات کی کوالٹی کے معیار کو بھی بہتر بنائیں۔