600 کیلوریز والی غذا کھانے سے ٹائپ ٹو ذیابیطس میں کمی ہوتی ہے، ماہرین صحت

جمعرات 29 مارچ 2018 13:21

لندن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2018ء) برطانوی ماہرین صحت نے کہا ہے کہ 8 ہفتوں تک روزانہ 600 کیلویر والی غذائیں کھانے سے ٹائپ ٹو ذیابیطس میں نمایاں کمی واقع ہوتی ہے۔ نیوکاسل یونیورسٹی کے سائنسدانوں کی جدید تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ٹائپ ٹو ذیابیطس میں لبلبہ انسولین کی مناسب مقدار پیدا نہیں کر پاتا جس کے باعث خون میں شکر کی مقدار بڑھنے لگتی ہے اور دیگر تمام جسمانی اعضا کو متاثر کرنا شروع کردیتی ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین صحت کے مطابق اضافی کیلوریز جگر اور لبلبلے پر چکنائی کی وجہ بنتے ہیں اور جگر پر چربی جمع ہونے کا مریض ’فیٹی لیور ڈیزیز‘ کہلاتا ہے جس میں جگر ضرورت سے زیادہ گلوکوز بنانا شروع کردیتا ہے اور زیادہ کیلوریز کھانے سے اضافی چربی لبلبے پر جمع ہونا شروع ہوجاتی ہے جو انسولین بنانے کی صلاحیت کو متاثر کرتی ہے۔ تحقیقی ٹیم کے رکن پروفیسر رائے ٹیلر کہتے ہیں کہ اگر کوئی شخص دس سال سے شوگر کا مریض ہو تب بھی کیلوریز کم کرکے اس سے نجات اور وزن میں 15 کلوگرام تک کی کمی ممکن ہے۔ پروفیسر ٹیلر کے مطابق شوگر ختم کرنے کا واحد نسخہ کم کیلوریز کا استعمال ہی ہے۔کم کیلوریز سے خالی معدے خون میں شکر کی سطح خاطر خواہ کم ہوتی ہے اور وزن بھی کم ہوتا ہے۔