چین کی سیکورٹی ٹیم کا کنج فٹ بال سٹیڈیم کا دورہ، چینی سفارت کاروں اور کے پی فٹ بال ٹیموں کے درمیان نمائشی میچ انتظامات کا جائزہ

چینی سفارت کاروں اور ڈی جی سپورٹس خیبر پختون خوا کی فٹ بال ٹیموں کے درمیان نمائشی میچ 28 اپریل کو کھیلا جائے گا

ہفتہ 21 اپریل 2018 13:06

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) عوامی جمہوریہ چین کی اعلیٰ سطحی پبلک سیکورٹی ٹیم نے ایبٹ آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کنج فٹ بال سٹیڈیم میں چینی سفارت کاروں اور خیبر پختونخوا کی فٹ بال ٹیموں کے درمیان نمائشی میچ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وفد کو ڈی پی او ایبٹ آباد نے سیکورٹی انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں متعین چینی سفارت کاروں اور ڈی جی سپورٹس خیبر پختون خوا کی فٹ بال ٹیموں کے درمیان نمائشی میچ 28 اپریل کی سہ پہر تین بجے کنج فٹ بال سٹیڈیم ایبٹ آباد میں کھیلا جائے گا۔ صوبہ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہو گا کہ دونوں ٹیمیں نمائشی میچ کیلئے میدان میں اتریں گی۔ اس سلسلہ میںچین کی پبلک سیکورٹی کے اعلیٰ سطحی وفد نے کنج فٹ بال سٹیڈیم کا دورہ کیا جہاں انہیں مقامی منتظمین نے میچ سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں وفد نے ڈی پی او ایبٹ آباد اشفاق انور سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈی پی او ایبٹ آباد نے وفد کو سیکورٹی انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔ دریں اثناء چین کے قونصلر چن وی نے میچ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے صوبہ کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا میچ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چونکہ ایبٹ آباد اور کاشغر کو2005ء میں ٹوئن سٹی قرار دیا گیا تھا، اس حوالہ سے انہیں یقین ہے کہ اہل ہزارہ کی بڑی تعداد یہ دوستانہ میچ دیکھنے کیلئے سٹیڈیم آئے گی اور میچ سے لطف اندوز ہو گی۔

ادھر منتظمین کے مطابق دونوں ٹیموں کے کپتانوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ چین کی ٹیم کی قیادت پولیٹیکل قونصلر جیانگ ہان کریں گے جبکہ خیبر پختون خوا ٹیم کی قیادت ملک اعجاز احمد عرف گوگا کریں گے۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں، آفیشلز اور میچ ریفریز کا اعلان 25 مارچ کو کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :