چین جاپان کے ساتھ افرادی تبادلوں کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، چینی وزیر اعظم

چین دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے عوامی بنیاد پر ہم آہنگی اور محبت کے جذبات کی مضبوطی چاہتا ہے، چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ کی جاپانی شہنشاہ سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 11 مئی 2018 15:39

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2018ء) چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ نے کہا ہے کہ چین جاپان کے ساتھ افرادی تبادلوں کو فروغ دینے کا خواہاں ہے،چین دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے عوامی بنیاد پر ہم آہنگی اور محبت کے جذبات کی مضبوطی چاہتا ہے۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ نے جاپان کے شہنشاہ اکی ہیٹو سے ٹوکیو میں ملاقات کی۔

انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے جاپانی شہنشاہ کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔اس موقع پر لی نے کہا کہ رواں برس چین۔جاپان امن و دوستی معاہدے کی چالیسویں سالگرہ ہے ، چین توقع کرتا ہے کہ حالیہ دورے کے ذریعے جاپان کے ساتھ مذکورہ معاہدے کی روح پر نظرثانی کی جا سکے گی اور دو طرفہ تعلقات کو واپس معمول پر لاتے ہوئے نئی پیش رفت کا حصول ممکن ہو سکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین جاپان کے ساتھ افرادی تبادلوں کو فروغ دینے کا خواہاں ہے ۔چین دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے عوامی بنیاد کو مضبوط بنانا چاہتا ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ہم آہنگی اور محبت کے جذبات کی مضبوطی چاہتا ہے۔جاپان کے شہنشاہ اکی ہیٹو نے کہا کہ وہ چینی وزیر اعظم کے سرکاری دورہ جاپان پر انتہائی مسرور ہیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چینی وزیر اعظم کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

بعد ازاں لی کی چیانگ نے ٹوکیو میں جاپان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے کہا گزشتہ چالیس برسوں کے دوران چین۔جاپان تعلقات میں نمایاں پیش رفت کے ساتھ ساتھ کئی اتار چڑھاو دیکھے گئے ہیں۔انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ امن ، دوستی اور تعاون کی سمت سے مضبوطی سے جڑے رہیں ، مختلف شعبہ جات میں تعاون کو سہل بنائیں اور دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ چار سیاسی دستاویزات کی روح کے مطابق مستحکم اور طویل المیعاد دو طرفہ تعلقات کی ترقی کو فروغ دیں۔

جاپانی سیاسی رہنماوں نے کہا کہ چینی وزیر اعظم کا موجودہ دورہ فریقین کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو معمول پر واپس لے آیا ہے جسے جاپان بے حد سراہتا ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ فریقین کے درمیان سیاسی جماعتوں کی سطح پر تبادلوں کو فروغ دیا جا سکے گا اور جاپان۔چین تعلقات کو آگے بڑھاتے ہوئے نمایاں پیش رفت کے حصول کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :