الخدمت فائونڈیشن گلگت بلتستان 203 یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے، مزید 200 بچوں کی کفالت مقامی سطح پر فنڈ ریزنگ کے ذریعے ہوگی، دیامر اور استورکے مخیر حضرات نے 52 یتیم بچوں کی کفالت کا ذمہ اٹھا یا

الخدمت فائونڈیشن گلگت بلتستان کے صدر حبیب الرحمن کا آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کے سلسلے میںڈونر کانفرنس سے خطاب

جمعرات 17 مئی 2018 14:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2018ء)الخدمت فائونڈیشن گلگت بلتستان کے صدر حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ الخدمت فائونڈیش گلگت بلتستان 203 یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے، مزید 200 بچوں کی کفالت مقامی سطح پر فنڈ ریزنگ کے ذریعے ہوگی، ضلع دیامر اور ضلع استورکے مخیر حضرات نے 52 یتیم بچوں کی کفالت کا ذمہ اٹھا یا۔ الخدمت فائونڈیشن گلگت بلتستان کے زیر انتظام چلنے والے آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کے سلسلے میں ضلع دیامر اور ضلع استور کے تاریخ کی پہلی ڈونر کانفرنس میں انہوں نے کہاکہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے 22 لاکھ کی امداد کے اعلانات کئے ۔

انہوں نے کہا کہ دیامر کی عوام فلاحی کاموں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے اور اس کانفرنس کے ذریعے یہ بات ثابت ہوگئی کہ ضلع دیامر کی عوام میں انفاق کا جذبہ موجود ہے۔

(جاری ہے)

الخدمت فاونڈیشن نے یتیموں کی کفالت کا بیڑا اٹھایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت گزشتہ7 سالوں سے بلا امتیاز گلگت بلتستان میں خدمات سر انجام دے رہی ہے، ڈونر کانفرنس کی تیاریوں کے دوران ہمیں توقع سے بڑھ کر تعاون ملا جس پر ہم ضلع دیامر اور ضلع استور کی عوام کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے مخیر حضرات کے الخدمت فائونڈیشن پر اعتماد کے اظہار پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم ڈونرز کی توقعات پر پورا اتریں گے اور حق حقدار تک پہنچانے میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں گے۔ اس موقع پر کمشنر ضلع دیامر، عمائدین علاقہ، مخیر حضرات سمیت معززین علاقہ بھی موجود تھے ۔