وفاقی دارالحکومت میں فٹ بال گرائونڈ نہ ہونے سے نیا ٹیلنٹ ضائع ہورہا ہے ،ْسلیم چوہدری

چیئرمین سی ڈی اے اسلام آباد میں فٹ بال کے مزید گرائونڈ بناکر نیا ٹیلنٹ تباہ ہونے سے بچائیں‘صدر اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن

اتوار 20 مئی 2018 15:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر محمد سلیم چوہدری نے کہاہے کہ وفاقی دارالحکومت میں فٹ بال نہ ہونے سے نیا ٹیلنٹ ضائع ہورہا ہے اور چیئرمین سی ڈی اے اسلام آباد میں فٹ بال کے مزید گرائونڈ بناکر نیا ٹیلنٹ تباہ ہونے سے بچائیں۔ گذشتہ روز اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت فٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ کھلاڑیوں کے کھیلنے کیلئے کم گرائونڈ ہیں اور نئی نوجوان نسل بازاروں اور سڑکوں پر فٹ بال کھیل رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ یقین کے ساتھ کہہ سکتے اگر نوجوان کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل سطح کی سہولیات فراہم کی جائیں تو اسلام آباد کے مزید فٹ بالرز قومی ٹیم میں شامل ہو کر بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں فٹ بال سٹیڈیم کی بھی اشد ضرورت ہے اور ایسوسی ایشن کے پاس ابھی تک کوئی اپنا سٹیڈیم موجود نہیں، انہوں نے کہاکہ سی ڈی اے فٹ بال کے سٹیڈیم کے لئے جگہ الاٹ کرے تو ایسوسی ایشن اپنی مدد آپ کے تحت سٹیڈیم بنا سکتی ہے، انہوں نے کہاکہ اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے ساتھ چالیس سے زائد فٹ بال کلب منسلک ہیں اور اکثر کے پاس کھیلنے کے لئے گرائونڈ نہیں،اس وقت سی ڈی اے نے 8 سے دس فٹ بال گرائونڈ کا قبضہ دیا ہوا ہے جو کہ بہت کم ہیں، جن میں بہت مشکل سے دس سے پندرہ ٹیمیں مختلف اوقات میں پریکٹس کرتی ہیں، سی ڈی اے کو ہر سیکٹرمیں ایک گرائونڈ بنانا چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :